عمران خان خواہش کے باوجود قومی اسمبلی اجلاس میں نہ جاسکے


اسلام آباد:اپوزیشن کے جارحانہ رویہ کے باعث  قومی اسمبلی کی کارروائی چلانا مشکل ہوگیا۔قومی اسمبلی کے رواں سیشن  کے پہلے دو روز میں ایوان کی کارروائی دو گھنٹے بھی نہ چل سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا احتجاج وزیر اعظم عمران خان کے ایوان میں آنے کی راہ میں بھی رکاوٹ بن گیا ہے۔

اسپیکرقومی اسمبلی  اسد قیصر اپوزیشن کو وزیر اعظم کی موجودگی میں احتجاج نہ کرنے پر آمادہ نہ کر سکے۔وزیر اعظم  عمران خان خواہش کے باوجود بھی اجلاس میں شریک نہ ہوسکے ۔ دوسری طرف اپوزیشن نے بھی قومی اسمبلی کے  ایوان میں احتجاجی رویہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔

آج بھی اجلاس شروع ہوا تو پیپلزپارٹی کے رہنماخورشید شاہ نے پوائنٹ آف آرڈر پر خطاب میں اسپیکر سندھ اسمبلی کی نیب کی طرف سے گرفتاری پر شدید تنقید کی ۔ اس موقع پر اپوزیشن کی طرف سے کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج بھی کیا گیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایوان میں اراکین کو کالی پٹیاں تقسیم کی ۔ اپوزیشن رہنمائوں کو پوائنٹ آف آرڈر پر وقت نہ دیے جانے پر اپوزیشن اراکین  نے اسپیکر ڈائس کا گھرائو کر لیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا اس طرح کریں گے تو اجلاس ملتوی کر دونگا۔ اپوزیشن کے مسلسل احتجاج پر سپیکر نے اجلاس کل صبح 11بجے تک ملتوی کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں

وزیراعظم قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن میں سوالات کے جوابات دینگے

اس سے قبل  حکومتی ذرائع کی طرف سے یہ خبر آئی تھی کہ  وزیراعظم عمران خان  قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن میں ارکان کے سوالات کے جوابات دیں گے۔ذرائع کے مطابق  قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے لئے قواعد و ضوابط میں ترمیم کا عمل جلد مکمل ہو جائے گا، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قواعد و ضوابط میں ترمیم کے معاملے کا جائزہ لے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ایوان میں سوالات کے جوابات دینے کا خود اعلان کیا تھا۔ قواعد و ضوابط میں ترمیم نہ ہونے کی وجہ سے وزیراعظم سوالوں کے جواب نہیں دے رہے تھے۔


متعلقہ خبریں