وزیراعظم کا بھارت کو جواب، اپوزیشن مطمئن



اسلام آباد:  اپوزیشن رہنماوں نے وزیراعظم عمران خان کے بھارت کے جواب کو مناسب قرار دیدیا ہے۔

پروگرام نیوزلائن میں میزبان ڈاکٹرماریہ ذوالفقارسے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما محمدزبیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بھارت کو مناسب جواب دیا ہے، اب وزیرخارجہ کو اس معاملے پرآگے لے کرچلنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیرپرپاکستانی عوام یکجا ہیں، پاکستان نے عالمی سطح پر دنیا سے بڑھ کراٹھایا ہے، اس پر ہم بھارت سے تین جنگیں لڑچکے ہیں۔

محمدزبیرنے کہا کہ دفترخارجہ کے ہوتے ہوئے کشمیرکمیٹی کی کیا ضرورت ہے۔

رہنما مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ بھارت مسئلہ کشمیرپرکسی کا بھی موقف نہیں مانے گا۔ پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کی تاریخ ہے، بھارت مذاکرات نہیں کرتا اس لیے سعودی عرب ہویاکوئی بھی معاملہ حل نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں مذاکرات جاری رہنے چاہیئں، ہماری ترجیح معیشت ہونی چاہیے۔

ہمیں بھارت پربرتری حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، نثارکھوڑو

پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر ہے،وزیراعظم اگر اپنے ملک کے عوام کی آواز بھی ملالیں تو یہ جواب مزید جاندار ہوجاتا ہے، اگر یہ سب کی آواز بنی تو دنیا زیادہ توجہ سے سنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگوں سے ملکوں کا نقصان ہوتا ہے، دونوں ممالک کو امن کے لیے کوششیں کرنی چاہیئں۔

موجودہ حکومت نے کشمیرکمیٹی کوپس پشت ڈال دیا ہے، ہمیں مسئلہ کشمیرپرعالمی تعاون درکار ہے جس کے لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ کوششیں ہونی چاہیئں۔

ہمیں اخلاقی برتری حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ دنیا ہمارے موقف کو سنے اور سمجھے۔

بھارتی الزامات پراپوزیشن سے مشاورت کریں گے،ندیم افضل چن

 وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا کہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن اس وقت بھارتی وزیراعظم اپنے الیکشن مہم کے لیے جنگی ماحول بنارہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن سے بھی مشاورت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیرپرپاکستان کو زوردار اندازمیں سپورٹ کرنا چاہیے کہ معاملہ اب دنیا کی نظروں میں آرہا ہے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ماضی میں حکومتوں کے اچھے تعلقات رہے ہیں، لیکن یہ ممالک کے درمیان ہونے چاہیئں ذاتی نہیں۔

محمدزبیراور ندیم افضل چن کے درمیان دلچسپ نوک جھونک

کلھبوشن یادو کے معاملے پرعلی امین پورکے دعوی پرمحمدزبیراور ندیم افضل چن کے درمیان دلچسپ نوک جھونک ہوئی۔

پروگرام میں  وزیربرائے امورکشمیرعلی امین گنڈاپورکے بیان کا تذکرہ ہوا، اس پرندیم افضل چن نے کہا کہ وہ ریمنڈڈیوس کا نام لینا چاہتے تھے لیکن ان کی زبان پھسل گئی۔

اس پر مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیرنے انہیں مشورہ دیا کہ ندیم افضل چن صاحب مان لیں۔ لیکن انہوں نے پھر بھی زبان سے نام پھسلنے کی غلطی قراردیا، محمدزبیرنے جواب میں کہا کہ چن صاحب انہوں نے پروگرام میں ایک دفعہ نہیں بلکہ تین دفعہ یہ بات دہرائی تھی۔ ریمنڈڈیواس کا معاملہ تو گزشتہ دور کا ہے۔

واضح رہے کہ چند دن قبل نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں علی امین گنڈاپورنے دعوی کیا تھا کہ گزشتہ حکومت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادوکو پاکستان سے فرارکرادیا ہے۔


متعلقہ خبریں