اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد نے کہا ہے کہ حکومت چاہے تو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کو ہٹا سکتی ہے۔
سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین پی اے سی کو حکومت کسی بھی وقت ہٹا سکتی ہے جب کہ کمیٹی ممبران اکثریت کی بنیاد پر چیئرمین کو ہٹا سکتے ہیں۔
وسیم سجاد نے کہا کہ ہمارے پارلیمانی نظام کی بنیاد اکثریت پر ہے جب کہ وزیر اعظم کا انتخاب بھی اکثریت کی بنیاد پر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی 29 ارکان پر مشتمل ہے جس میں حکومت اور اس کے اتحادیوں کی تعداد 16 ہے جب کہ 12 ارکان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔
کمیٹی میں ایم کیو ایم پاکستان، بی این پی مینگل، بی اے پی اور پاکستان مسلم لیگ کے کا ایک ایک رکن شامل ہے جب کہ آزاد حیثیت سے جیتنے والے علی نواز شاہ بھی حکومتی اتحادی ہیں۔
پی اے سی کمیٹی میں اپوزیشن اتحاد کے ممبران کی تعداد 13 ہے۔