محمکہ موسمیات نے کراچی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہلکی بارش ہونے کی پش گوئی کر دی ہے جبکہ جمعے سے سردی میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید نے کہا ہے کہ شہر قائد کراچی میں بارش کا سسٹم بلوچستان سے آ رہا ہے جس کے باعث شہر میں درجہ حرارت میں ایک سے دوسینٹی گریڈ کمی واقع ہو سکتی ہے۔
خیال رہے محکمہ موسمیات نے آج جڑواں شہروں سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی تھی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں آج مختلف مقامات پرابرکرم برسنے کا امکان ہے۔ شہر میں کم ازکم درجہ حرارت7 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 سینٹی گریڈ رہے گا۔
وادی کوئٹہ میں ہلکی بوندا بادی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شہر میں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے مضافات میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے بعد سردی میں خاصا اضافہ ہو گیا ہے۔
سمندری اور اس کے گرد ونواح میں آسمان پر گہرے بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ اس کے علاوہ تیز ہواوں اور ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مزید بارش کا امکان بھی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چمن سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ شیرانی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، قلعہ عبداللہ، زیارت اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں برف باری برسانے والا سسٹم مغرب سے بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے۔