اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوست ملکوں کی مدد سے معاشی بحران سے نکل آئیں گے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کامیاب مذاکرات کے لیے مثبت کردارادا کررہا ہے۔ کچھ قوتیں پاکستان کو الجھانے کے لیے افغانستان میں امن نہیں چاہتیں۔
ایک ماہ قبل بھی اسلام آباد میں افغان کیمپوں میں مقیم طلبہ کے اعزاز میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ چھ ہزار سے زائد طلبا پاکستان میں زیر تعلیم ہیں جبکہ ہمارے افغانستان کے ساتھ ثقافتی اور باہمی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں اور امن ہی پاکستان افغانستان کا مشترکہ مستقبل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے ہر مرحلے میں تعاون جاری رکھیں گے اور افغانستان کی ترقی کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔