جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز ،قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان

پاکستانی اسکواڈ


اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ون ڈے کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

16 رکنی اسکواڈ میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے اوپنر بلے باز شان مسعود کی واپسی ہوئی ہے جبکہ جنید خان، آصف علی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

حارث سہیل انجری کے باعث ون ڈے اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ سرفراز احمد ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے اور دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، شعیب ملک، فخر زمان، بابر اعظم، شاداب خان، شان مسعود، حسن علی، محمد عامر، امام الحق، فہیم اشرف، محمد رضوان، شاہین آفریدی، حسین طلعت، عماد وسیم اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

واضح رہے پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے پاکستان جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچز ہار گیا جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ 11 جنوری سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے ٹیم میں تبدیلیوں کا اشارہ  دیا ہے جس کے بعد ممکنہ طورمحمد رضوان اور فہیم اشرف کو دو ٹیسٹ میچوں میں ناقص کارکردگی دکھانے والے یاسر شاہ اور فخر زمان کی جگہ کھلایا جائے گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز19 جنوری کو ہوگا دونوں ٹیمیں پہلے ون ڈے میچ میں پورٹ الزبتھ کے سینیٹ جارچز پارک میں مدمقابل آئیں گیجبکہ دوسرا ون ڈے 22 جنوری کو کنگز میڈ، ڈربن اور تیسرا ون ڈے 25 جنوری کو سپر سپورٹ پارک میں کھیلا جائے گا اور پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان چوتھا میچ 27 جنوری اور پانچواں میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

تینوں ایک روزہ میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم فروری، دوسرا میچ تین فروری اور تیسرا میچ چھ فروری کو کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوں گے۔


متعلقہ خبریں