پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کا وقت آگیا، ڈی جی عالمی ادارہ صحت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ وہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو ہمیشہ کے لیے پولیو سے پاک کر دیا جائے۔

ڈی جی عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس آج ہی پاکستان پہنچے ہیں اور انہوں نے پولیو کے ایمر ایجنسی اپر یشن سیل کا دورہ بھی کیا ہے۔ اس دوران وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سربراہ پاکستان پولیو پروگرام ڈاکٹر رانا صفدر نے انسداد پولیو پروگرام کو درپیش چیلنجز اور کارکردگی پربریفنگ کے دوران بتایا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور پولیو ورکرز قومی ہیرو ہیں۔

ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا ہے کہ خوشی ہوئی کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، پولیو ورکرز کی کاکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے صحت اصلاحات کا مقصد کروڑوں عوام کی صحت میں بہتری لانا ہے۔

وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے سرکاری مہمان کو پولیو کے خاتمے کی حکمت عملی اور اب تک کے گیے اہداف پر بریفنگ دی۔

وزیرصحت نے بتایا کہ  قومی پولیو ٹاسک فورس مہلک بیماری کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کی آینئہ دار ہے اور تین ریجنز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جہاں وائرس مسلسل موجود ہے۔

عامر محمود کیانی نے ڈی جی عالمی ادارہ کو بتایا کہ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے والدین کی آگاہی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ہر پولیو مہم میں بچوں کو قطرے پلواائیں۔

وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی سے ملاقات میں عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی نے پاکستان سے صحت کے شعبے میں بھر پور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا جب کہ وزیر صحت نے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور درپیش چیلنجز اور ان کے تدارک کا جائزہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر عامر محمود کیانی نے کہا کہ اس سال کے آخر تک تقریباً 50 فیصد آبادی ہیلتھ کارڈ سے مستفید ہو جائے گی۔ حکومت پاکستان غربت کی لکیر سے نیچے رہنے والے افراد کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی تکنیکی معاونت حاصل کرنے پر غور کر رہی ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کا شعبہ اولین ترجیح ہے۔


متعلقہ خبریں