کراچی میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول دینے پر پابندی

فوٹو: فائل


کراچی میں ٹریفک پولیس نے پیٹرول پمپس پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول دینے پر پابندی لگا دی۔

ڈی آئی جی ٹریفک پولیس جاوید مہر کا کہنا ہے کہ اب کسی بھی موٹر سائیکل سوار کوہیلمٹ کے بغیر پیٹرول نہیں ملے گا اور پمپس کی انتظامیہ نوٹیفکیشن لگانے کی پابند ہوگی۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری بیان میں بھی بغیر ہیلمٹ پیٹرول دینے پر پابندی کی حمایت کی گئی ہے، اوگرا نے ہدایت کی ہے کہ پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اوگرا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے پمپ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

پیٹرول پمپ کی مالک عائشہ ملک کا کہنا ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول نہیں دیا جارہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پابندی کی وجہ سے ہماری یومیہ سیل پر فرق پڑا ہے لیکن اچھے اقدام پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ اس فیصلے کا مقصد آئے روز سڑکوں پر موٹر سائیکل کے ہونے والے حادثات کے دوران اموات کی روک تھام ہے کیونکہ زیادہ ترحادثات میں بغیر ہیلمٹ افراد جانبر نہیں ہوپاتے، کیونکہ ہیلمٹ بہت حد تک ایک حفاظتی حصار کا کام کرتا ہے۔

اس سے قبل راولپنڈی، اسلام آباد اور فیصل آباد میں بھی بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول دینے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

 


متعلقہ خبریں