وزیراعظم کی کراچی میں منصوبے تیز کرنے کی ہدایت 

کراچی میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس


کراچی: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جس کا ملکی معیشت کے استحکام و ترقی میں کلیدی کردار ہے۔

کراچی میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  کراچی میں جاری وفاقی حکومت کے منصوبوں پر پیش رفت میں تیزی لائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو درپیش ٹرانسپورٹ، پینے کا پانی، سیوریج، ہاؤسنگ اور دیگر مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل پر قابو پانے کے سلسلے میں وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

کراچی میں جاری وفاقی حکومت کے منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی غرض سے متعلقہ محکموں کے درمیان رابطوں کی بہتری کے لیے وزیر اعظم آفس میں ایڈیشنل سیکرٹری کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

اجلاس کی صدارت وزیرِاعظم عمران خان نے کی۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ مواصلات مراد سعید، وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، وزیر برائے آبی ذخائر فیصل واوڈا، گورنر سندھ عمران اسماعیل، ممبر صوبائی اسمبلی ثمر علی خان، چیف ایگزیکیٹو کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ محمد صالح فاروقی، عدنان اصدر، سیکرٹری مواصلات و دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہر قائد میں وفاقی حکومت کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

اجلاس میں شہر قائد میں وفاقی حکومت کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیرِاعظم نے وفاقی حکومت کے منصوبوں پر پیش رفت میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ رواں سال کراچی میں وزیراعظم کی ہدایت پر پانی کی قلت ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو فنڈز دینے کے حوالےسے ایک ٹاسک فورس بھی بنی ہوئی ہے۔ جس کے اراکین میں میئر کراچی اور اراکین سندھ اسمبلی خرم شیرزمان، ثمرعلی خان جبکہ سابق کمشنر کراچی صالح فاروقی بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس ٹاسک فورس میں سندھ حکومت کا بھی ایک نمائندہ سندھ  شامل ہوگا۔


متعلقہ خبریں