اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ سے متعلق تمام کارروائی کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ پراجیکٹ پر عملی کام کا آغاز جلد کیا جا سکے۔
پیر کے روز ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کے اہم منصوبوں میں سر فہرست ہے جس سے نہ صرف گھروں کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ معیشت کا پہیہ تیز ہوگا اور نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔
وزیر اعظم کا صوبائی حکومتوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پراپرٹی کے حوالے سے زیر التوا قانونی کیسز میں جہاں تمام کوائف مکمل ہیں ان کو آئندہ 90 دنوں میں نمٹایا جائے۔
اجلاس میں ہاؤسنگ ٹاسک فورس نے وزیرِ اعظم کو پراجیکٹ پر اب تک ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیرِ اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کی منظوری کا مسودہ بہت جلد کابینہ کو پیش کر دیا جائے گا۔
ٹاسک فورس حکام کا مزید بتانا تھا کہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا ڈرافٹ بھی ایک ہفتے کے اندر پیش کر دیا جائے گا۔ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام سے ریگولیٹری شعبے کو ڈویلپمنٹ سے علیحدہ کر دیا جائے گا۔
عمران خان کو بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود کی تجاویز بہت جلد ٹاسک فورس کے ممبران سے شئیر کر لی جائیں گی۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ فور کلوژر لاز کو دو ہفتوں میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد حتمی شکل دے دی جائے گی اور اربن ری جنریشن کے حوالے سے قانون کے مسودے کو بھی دو ہفتوں میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔
اجلاس میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے تحت ڈیڑھ لاکھ سرکاری ملازمین کے لئے تعمیر کیے جانے والے مکانات پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیڑھ لاکھ ملازمین کے لئے رہائش گاہوں کی تعمیر کے لئے اظہار دلچسپی کے اشتہار پر اب تک 41 نجی کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور اٹھاسی تجاویز جمع کرائی گئی ہیں۔ ان میں سے 25 کمپنیوں نے ایک مقام پر جبکہ 14 کمپنیوں کی جانب سے مختلف مقامات پر مکانات کی تعمیر اور زمین کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لئے سروے فارمز اور عوام کی جانب سے ردعمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔