بلاول کی گرفتاری پر ملک افراتفری کا شکار ہو جائے گا، خورشید شاہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی گرفتاری پر ملک افراتفری کا شکار ہو جائے گا۔ گورنر راج کا نفاذ ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔

خورشید شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری کے لیے دل اور گردہ چاہیے، یہ ایک خطرناک کھیل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو گرفتار کرنا ممکن نہیں لیکن ان سے کچھ بعید بھی نہیں ہے۔

سندھ میں گورنر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج لگانا ممکن نہیں کیونکہ آئین اور قانون میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے البتہ مارشل لا کے ذریعے آئین ختم کر کے گورنر راج لگایا جا سکتا ہے جب کہ آئین ختم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ آئین وفاق کی مضبوطی کی ضمانت ہے اور اگر آئین کو چھیڑا گیا تو پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے۔ مفروضوں پر مقدمات بنائے گئے ہیں جب کہ ملک میں ون پارٹی سسٹم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نظر آتا ہے جیسے سویلین مارشل لا لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اس قسم کی سیاست سے ایک پارٹی کو مضبوط اور باقیوں کو کمزور کیا جا رہا ہے اور یہ سیاسی جماعتوں کو ایسے ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے جب کہ اس کھیل کے اثرات کے ذمہ دار بھی یہ لوگ ہوں گے۔ ایسے غیر قانونی اقدام سے یہ آئین اور قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوامی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں نہیں آئے بلکہ انہیں لایا گیا ہے اور یہ سب جانتے ہیں۔ عمران خان اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں سے اسے بیلنس کرنے کی کوشش کرنے کے چکر میں ملک میں بحران اور غیر یقنی صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔

خورشید شاہ نے موجودہ حکومت کے کام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سیاستدانوں کی گرفتاری کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور سیاستدانوں سے جیلیں بھرنا پاکستان کے لیے اچھا نہیں ہے۔ عمران خان سے وہ کام کرائے جا رہے جو کوئی سیاستدان نہیں کر سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتا ہے کہ اس سے اس کے وعدوں کے بارے میں کوئی سوال نہ کرے، جیسے ملک میں 40 سال آمریت رہی اور ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کو سوچنا چاہیے کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔


متعلقہ خبریں