ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والے بحری جہازوں کے لیے مقرر کی جانے والی محفوظ گزرگاہوں کے جغرافیائی مقامات پر اتفاق کر لیا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عمان نے محفوظ بحری راستوں کے نشاندہ مقامات کے کورآرڈینیٹس متعلقہ بین الاقوامی بحری ادارے تک پہنچانے اور انہیں رجسٹر کرانے کے طریقہ کار پر بھی اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اور عمان کے درمیان یہ معاہدہ پہلے سے طے شدہ منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران اور عمان اس سے قبل اگست میں عارضی بحری گزرگاہ قائم کرنے، سمندری بارودی سرنگیں صاف کرنے اور مستقل گزرگاہ کے قیام کی جانب پیش رفت پر متفق ہوئے تھے۔ منصوبے میں بحری ٹریفک کے انتظام اور معلومات کے تبادلے کے انتظامات بھی شامل تھے۔
’ایران نے اپنی شرائط واضح کر دی ہیں‘
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز میں سکیورٹی کی بحالی کے لیے اپنی شرائط واضح کر دی ہیں، جبکہ امریکی فریق کی تجاویز پر ایران کا مناسب ردعمل ثالثوں کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔
25 اگست کو عمان نے بھی اعلان کیا تھا کہ ایران اور عمان مشترکہ عارضی بحری گزرگاہ کے فریم ورک پر متفق ہوگئے ہیں، جبکہ مستقل گزرگاہ، بحری ٹریفک کے انتظام اور معلومات کے تبادلے سے متعلق معاملات طے کرنے کے لیے تکنیکی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
26 اگست کو ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بتایا تھا کہ عارضی بحری راستہ 7 میل چوڑا ہوگا، جس کا داخلی حصہ اور خارجی راستے کا ایک حصہ ایرانی علاقائی پانیوں سے گزرے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا تھا کہ اس کا مطلب آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنا نہیں ہے۔



