علی رضا عابدی کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، وزیر اطلاعات



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس واقع میں ملوث ہے اسے نہیں چھوڑا جائے گا اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کراچی کی سیاست اور سماجی سرگرمیوں میں  بہت بڑا نام تھے، وہ ہمارے دوست تھے، ان کے قتل کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کراچی کا امن بحال کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہا پسند افراد پاکستان کے دشمن ہیں۔

سینئر صحافی عامر ضیا نے کہا کہ کراچی میں چند دنوں کے لے امن ہوتا ہے پھر دہشت گردی کی ایک کارروائی ہو جاتی ہے، یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کس نے یہ کارروائی کی ۔

سابق وزیر داخلہ معین حیدر نے کہا کہ علی رضا عابدی ایک اچھے انسان تھے۔ ہم کراچی میں امن کے عادی ہوتے جا رہے تھے لیکن اس ہفتے میں دو واقعات ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ یہ ایم کیو ایم کے اندر کی لڑائی ہے، سیکورٹی ادارے جلد معاملے کی طے تک پہنچ جائیں گے۔

ترجمان پیپلز پارٹی مرتضٰی وہاب نے کہا کہ علی رضا عابدی بہت محبت کرنے والے انسان تھے، وہ انتہا پسندی کے خلاف کھل کر بولتے تھے، کراچی کے اندر جو دیر پا امن پیدا ہوا تھا اس کے خلاف یہ سوچی سمجھی سازش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سے رپورٹ طلب کی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ساجد احمد نے کہا کہ یہ دکھ کی  گھڑی ہے، علی رضا عابدی کراچی کے مسائل پر کھل کر بولتے تھے وہ ہمارا سرمایہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ جماعت کو جوڑ کر رکھیں، ایسے لیڈر پارٹیوں میں کم ہی پیدا ہوتے ہیں، یہ سیکورٹی اداروں کی کارکردگی  پر سوالیہ نشان ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ میرا اپنا نقصان ہے، وہ ایک بہادر انسان تھے، دہشت گرد قوتیں دوبارہ حرکت میں آ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پر دشمنوں کی میلی نظر ہے، اس بات کا اعتراف کلبھوشن یادو کر چکا ہے، دہشت گردی یہاں آخری جھٹکے لے رہی ہے۔


متعلقہ خبریں