کراچی کی عمارت وزیر مینشن میں رہائش پذیر جناح پونجا اور ان کی اہلیہ مٹھی بائی کے گھر 25 دسمبر 1876ء کو اُس بچے کی پیدائش ہوئی جسے والدین نے محمد علی جناح کا نام دیا اور برصغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم کے نام سے پکارا۔
امتیازی نمبروں سے اپنے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے والے ہونہار بیٹے محمد علی جناح کو ان کے والد نے اعلیٰ تعلیم کے لیے 1891 میں برطانیہ بھجوادیا اس سے قبل ہی قائد اعظم کی شادی کم سنی ہی میں دور کے عزیز ایمی بائی سے انجام پائی۔
انہوں نے 1896 میں قانون کی اعلیٰ ڈگری حاصل کی اور وطن واپس لوٹ آئے۔ قائد اعظم نے وکالت کے ساتھ ساتھ سیاست میں عملی طور پر حصہ لیا اور 1906 میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔
کانگریس کے ساتھ سات سالہ طویل رفاقت کے بعد قائد اعظم نے ہندو رہنماؤں کی چالوں کو بھانپتے ہوئے 1913 میں مسلم رہنماؤں سر آغا خان سوئم، علامہ اقبال اور چوہدری رحمت علی کی درخواست پر مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور مسلمانوں کی سیاسی بیداری اور تحریک آزادی کی داغ بیل ڈالی۔
محمد علی جناح نے اپنے تدبر، فہم وفراست، سیاسی دور اندیشی اور جہد مسلسل کے باعث نہ صرف انگریوں کو چلتا کیا بلکہ مسلمانوں کو ہندو بنیے کے شکنجے سے بچاتے ہوئے 14 اگست 1947 میں ایک آزاد ریاست حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال کے خواب اور مسلمانوں کی خواہش پاکستان کو عملی طور پر قائم کرنے کے محض ایک سال بعد ہی 11 ستمبر 1948 کو 71 برس کی عمر میں خالقِ حقیقی سے جاملے۔
وزیراعظم کا پیغام
قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انفرادی اوراجتماعی زندگیوں میں قائداعظم نے ایمان، اتحاد اورتنظیم کے ان کے سنہری اصولوں پرعمل پیرا ہونے پرزوردیا، آج ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔
His struggle for a separate nation for Muslims only started when he realised that Muslims would not be treated as equal citizens by the Hindu majority. Naya Pak is Quaid’s Pak & we will ensure that our minorities are treated as equal citizens, unlike what is happening in India. https://t.co/xFPo8ahJnp
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 25, 2018
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے تصور کو حقیقت کاروپ دینا ہوگا، ملک کو دنیا میں اس کا اصل مقام دلوانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں گے۔
انہوں نے پیغام میں انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں قائداعظم کے تصور اورایمان، اتحاد اورتنظیم کے ان کے سنہری اصولوں پرعمل پیرا ہونے پرزور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قائد اعظم نے ایسے پاکستان کا تصورکیا جو ہمدرد، جمہوری اور انصاف پر مبنی ہو، قائد اعظم اقلیتوں کو برابر کے شہری بنانا چاہتے تھے۔