اسلام آباد: نیب راولپنڈی نے گزشتہ روز سرکاری افسر کے گھر سے کروڑوں روپے کی غیر ملکی رقم برآمدگی کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
نیب نے کل ای پی آئی کے اعلی عہدیدار کے گھر پر چھاپہ مار کرایک کروڑ 88 لاکھ کی نقدی برآمد کی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملزم ثقلین گیلانی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا قریبی رشتہ دار ہے اور چھاپہ این آئی ایچ میں واقع اس کے گھر پر مارا گیا تھا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ثقلین گیلانی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے اور ملزم کے اثاثوں کی بھی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔
نیب ذرائع نے بتایا کہ ثقلین گیلانی کے تمام اکاؤنٹس کی بھی تفصیلات مانگ لی گئیں ہیں جبکہ ملزم کی تعیناتی بھی غیر قانونی طریقے سے کی گئی تھی۔
نیب میں اقوام متحدہ (یو این) کے تحت بیماریوں کی روک تھام کے لیے چلنے والے پروگرام ای پی آئی (Expanded Program on Immunization) میں من پسند کمپنیوں کو دواؤں کا ٹھیکہ دینے کا معاملہ چل رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے جس عہدیدار کے گھر پر چھاپہ مارا گیا وہاں سے نو ہزار ڈالرز اور مختلف غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی جبکہ برآمد شدہ رقم ایک کمپنی سے کمیشن کی مد میں لی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق یواین کے اس منصوبے میں من پسند افراد کو ٹھیکے دیئے جانے اور کمیشن کی وصولی کے بھی انکشافات ہوئے ہیں جبکہ پکڑی گئی رقم بھی منی لانڈرنگ کی صورت میں ملک سے باہر منتقل کی جانی تھی۔
ای پی آئی اقوام متحدہ کی جانب سے بیماریوں کی روک تھام کے لیے شروع کیا جانے والا پروگرام ہے۔