راولپنڈی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت خارجہ پالیسی تزویراتی مقاصد کے حصول کے لئے کام کر رہی ہے،ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا، جارحیت کے مقابلے کے لئے کم سے کم قابل اعتماد ڈیٹرنس کی پالیسی پر کاربند ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے این ڈی یو میں نیشنل سیکیورٹی و وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جارہا ہے۔
معیشت کے استحکام کے فروغ کے لئے کام کیا جارہا ہے،عالمی معیشت کے ساتھ موثر طریقے سے منسلک ہونے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا تمام ممالک خصوصا بڑی طاقتوں کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار کئے ہیں،تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی خوشگوار تعلقات کا قیام چاہتے ہیں،کشمیر کے مسئلہ کا منصفانہ و دیرپا حل چاہتے ہیں،پاکستان کی جیو سٹریٹجک لوکیشن کو اثاثے میں بدل رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت، درست امیج اور ریاستی پالیسیوں کو فروغ دیا جارہا ہے،معاشی خوشحالی اور ترقی کا ہمہ جہتی شراکت داری کے ذریعہ فروغ چاہتے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی بہبود کے لئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے لیکن سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے، اس لعنت سے کامیابی سے چھٹکارا پارہے ہیں، پاکستان، افغان مفاہمتی عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے، افغانستان میں امن علاقائی امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔