ٹنڈوالہیار: سندھ کے شہر ٹنڈوالہیارمیں سابق صدر آصف علی زرداری کے لیے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
پی پی حیدرآباد ڈویژن کے صدرعلی نواز شاہ رضوی کے گھر پر ظہرانے میں تیارہ کردہ ڈشز میں پلہ مچھلی، بُھنے ہوئے بٹیر، مرچی پکوڑے تیار کیے گئے، مٹن کڑھائی، باربی کیو، سندھی بریانی، گاجر کا حلوہ، دال چاول اور روغنی نان بھی تیار کیے گئے۔
اس موقع پر پی پی حیدرآباد ڈویژن کے صدر نے آصف علی زرداری کو پانچ اونٹنیوں کا تحفہ بھی پیش کیا۔
نمائندہ ہم نیوز کے مطابق ٹنڈوالہیار میںعلی نواز شاہ رضوی نے پارٹی رہنما کو پانچ اونٹنیوں کا انوکھا تحفہ دیا۔ یہ اونٹنیاں سندھی نسل کی ہیں جو سندھ کے علاقےلاڑ سے منگوائی گئی ہیں۔
ان میں سے تین اونٹنیاں دودھ دیتی ہیں جبکہ دو بچے بھی ساتھ ہیں۔ ریباری قبیلے سے خریدی گئی اونٹنیوں کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔
اس سے قبل بھی سندھ کے شہر خیر پور میں سابق صدر آصف علی زرداری کی آمد نےعوام کو ہکا بکا کردیا تھا۔
سابق صدر کا پروٹوکول اتنا زبردست تھا کہ دس نہیں، بیس نہیں بلکہ پوری 40 گاڑیاں سابق صدر کے استقبال میں شامل تھیں جبکہ اس موقع پر تمام ٹریفک کو بھی روک دیا گیا۔ جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔