اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کا مقصد کشمیریوں کا قتل عام ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی بربریت سے متعلق اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی اداروں کو خط لکھیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پلوامہ میں قتل عام نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ظلم اور بربریت کی داستان مقبوضہ کشمیر میں دیکھ رہی ہے اس میں 2016 کے بعد تیزی آئی۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک کشمیر میں 14 شہادتیں ہوچکی ہیں جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی افواج قتل عام پر نکلی ہیں۔
وزیرخارجہ کے مطابق جو کل سے اب تک دیکھا جارہا ہے اس میں یہ بات واضح ہے کہ بھارتی فوج اب لوگوں کو شہید کرنے کے لیے گولی چلا رہے ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے سے پہلے کشمیر کی صورتحال پر خطوط لکھے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سیکریٹری جنرل او آئی سی اور انسانی حقوق کے کمشنر کو کل کی صورتحال کے حوالے سے لکھا ہے اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بات کی ہے کہ کانٹیکٹ گروپ کا اجلاس طلب کیا جائے۔ یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کانٹیکٹ گروپ کی میزبانی گروپ کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتخانوں کو بھارتی بربریت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں اجلاس کرانے میں کوئی دشواری ہے تو اجلاس جدہ میں بھی کرایا جا سکتا ہے۔ جدہ میں پاکستانی قونصل خانہ اس سلسلے میں باقاعدہ درخواست او آئی سی سیکریٹریٹ کو جمع کرائے گا۔