تہران: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسلم ممالک اتحاد کے ذریعے ہی موجودہ چیلنجز کا سامنا کر سکتے ہیں۔ پاکستان ایران کے ساتھ مزید بہتر تعلقات چاہتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تہران میں ایرانی ہم منصب ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔
اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ پہلے سے موجود دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے جب کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے ارکان پارلیمنٹ کو رابطوں میں تیزی لانے اور پارلیمانی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے جب کہ دونوں اقوام مذہب، تاریخ اور ثقافت کے اٹوٹ رشتوں سے بندھی ہوئی ہیں۔
پاک ایران دوستی پر بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دوست، دشمن اور مقاصد بھی ایک جیسے ہی ہیں جب کہ پاک ایران تعلقات خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اشد ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا وقت کی ضرورت ہے، مسلم اُمہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا اور اتحاد کے ذریعے ہی ہم موجودہ چیلیجز کا سامنا کر سکتے ہیں۔
اسپیکر ایران اسمبلی ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران پاکستان کو اپنا برادر ملک تصور کرتا ہے اور پہلے سے موجود تعلقات کو مزید توانا کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کرنے کا خواہاں ہے جب کہ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آئے ہیں۔