ڈھاکہ: پاکستانی ہائی کمیشن میں ڈکیتی، پاکستان کا شدید احتجاج

فوٹو: فائل


اسلام آباد: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ڈکیتی کے معاملے پر پاکستان نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے قونصلر سیکشن سے چور قیمتی کمپیوٹر چوری کرکے لے گئے، بحیثیت میزبان ملک بنگلہ دیش ہائی کمیشن کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرے۔

ترجمان نے بنگلہ دیشی وزارت خارجہ سے معاملے کا نوٹس  لے کر سیکیورٹی مزید بڑھانے کی درخواست کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ڈکیتی کا معاملہ بنگلہ دیش کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش پولیس کے پاس واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کرائی، ترجمان کے مطابق ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن انتہائی مصروف اور محفوظ جگہ پر واقع ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے اسلام آباد اور ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی اعلیٰ حکام سے شدید احتجاج کیا اور بنگلہ دیشی حکومت سے پاکستانی ہائی کمیشن میں چوری کے معاملے کی تحقیقات کرکے ملزمان کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں