ابو ظہبی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کے نام


دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں کیویز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 171 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کھیل کے چوتھے روز پاکستان ٹیم نے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز بغیر کسی نقصان کے 37 رنز سے شروع کی تھی۔ کھیل کا آغاز ہوا تو امام الحق مجموعی اسکور میں محض تین رنز کے اضافے کے بعد اعجاز پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

امام الحق آؤٹ ہوئے تو ان کی دیکھا دیکھی اوپنر محمد حفیظ بھی دس کے انفرادی اسکور پرچلتے بنے۔ حارث سہیل میدان میں آئے تو صرف چار رنز بنا کر اش سودھی کا دوسرا شکار بنے۔

اسد شفیق اور اظہر علی نے ٹیم کی ڈولتی کشتی اور سنبھالا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 82 رنز جوڑے، پاکستان کو چوتھا جھٹکا اسد شفیق کی وکٹ کی صورت میں لگا، مڈل آرڈر بلے باز 45 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دونوں بلے بازوں کی شراکت داری ٹوٹی تو بعد میں آنے والا کوئی بھی بلے باز کیوی بالرز کا سامنا نہ کر سکا۔ قومی ٹیم کے ان فارم کھلاڑی ‘ تو چل میں آیا ‘ کے مصداق پویلین لوٹتے رہے۔

پاکستان کی جانب سے اظہر علی 65 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، حارث سہیل، سرفراز احمد، بلال آصف، یاسر شاہ اور حسن علی دہرا ہندسہ عبور نہ کر سکے۔

کیویز کی طرف سے اعجاز پٹیل اور نیل ویگنر نے چار چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 249 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں قومی ٹیم میدان میں آئی تو دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان پر 37 رنز بنا لیے۔

دوسرے دن کا کھیل

دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو  اظہر علی 10 اور حارث سہیل 22 رنز بناکر  کریز پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے 64 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور 91 رنز تک پہنچایا جس کے بعد حارث سہیل 38 رنز بنا کر لیگ اسپنراش سوڈھی کی گوگلی کا شکار بنے۔

ٹرینٹ بولٹ نے وکٹ گرنے کے پریشر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اگلے ہی اوور میں نے اظہر علی کو بھی چلتا کیا اظہر علی کی اننگز محض 22 رنز پر ہی محدود رہی۔

پانچویں وکٹ کے لیے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق اور بابر اعظم نے 83 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد اسد شفیق 43 رنز بنا کر ٹرنٹ بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان ٹیم کو جس وقت کریز پر استحکام کی ضرورت تھی اسی وقت کپتان سرفراز احمد انتہائی غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیلتے ہوئے دو رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 62 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

پہلے دن کا کھیل

میچ کے پہلے روز نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم مہمان ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔ 39 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کے تین اہم کھلاڑی پاکستانی بالرز کا شکار ہو گئے تھے اور پوری ٹیم صرف 153 رنز پر آؤٹ ہوئی۔

حریف ٹیم کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگرزمیں بھی داخل نہ ہوسکے تاہم کپتان ولیمسن نے 63 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے  یاسرشاہ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کو راہ دکھائی۔


متعلقہ خبریں