دھرنوں کے دوران جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں200 افراد گرفتار



اسلام آباد/کراچی: تحریک لبیک پاکستان کے دھرنوں کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف پولیس نے ملک بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور اسلام آباد پولیس نے 200  افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

مذہبی جماعت کے دھرنوں کے دوران اسلام آباد میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف وفاقی پولیس سرگرم ہو گئی ہے۔ پولیس نے اب تک 200 افراد کو گرفتار کر لیاہے۔  اسلام آباد پولیس کے مطابق کاروائیاں تھانہ آئی نائن، آبپارہ، بارہ کہو، شہزاد ٹاؤن اور کورال کے علاقوں میں کی گئیں۔

پولیس کی ٹیمیں وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد متحرک ہو گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، دہشتگردی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمات میں مذہبی جماعتوں کے 20 کارکنان سمیت 100 سے زائد نامعلوم افراد نامزد ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے مزید ملزمان کو ٹریس کر رہے ہیں۔

گجرات میں ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کے خلاف 21 مقدمات درج

تحریک لبیک کے دھرنے کے دوران توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف ضلع گجرات کے18 تھانوں میں 21 مقدمات درج کیے گئے۔ مجموعی طور پر 500 مظاہرین کیخلاف مقدمات درج ھوئے ہیں۔

ڈی پی او گجرات سید علی محسن کا کہنا ہے کہ مقدمات 128 نامزد اور 372 نامعلوم مظاہرین کے خلاف درج کیے گئے۔ مظاہرہ کرنیوالے 20 مظاہرین گرفتار کر لیے گئے جن میں سے تین کو عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔

پولیس نے شیخوپورہ میں بھی ہنگامہ آرائی میں ملوث 70 افراد کو گرفتار لیا ہے۔

ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلا ف کراچی میں  بھی مقدمات درج

دوسری طرف آئی جی سندھ کلیم امام نے ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت احکامات جاری کردیے۔ آئی جی کے احکامات کے بعد کراچی میں ہنگامہ آرائی کرنے پر کورنگی میں ایک اور ایسٹ میں دو مقدمات درج کرلیے گئے۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ دھرنوں کے دوران ہنگامہ آرائی اور شرپسندی کرنے والے عناصر کا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے اور دھرنوں کے مقامات سے سی سی ٹی وی اور موبائل فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  میڈیا اور سوشل میڈیا سے بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں درج مقدمات میں نامعلوم افراد میں سے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

ایف ائی اے کی جانب سے کارروائی کا آغاز

حکومت کی جانب سے پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات کے بعد فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے پی نے پشاور سمیت چاروں زونل دفاترکو احکامات جاری کردیئے۔

ایف ائی اے نے زونل افسز کو ہدایت کی ہے کہ ویڈیوز کے ذریعے شرپسندوں کی نشاندہی کرکے کارروائی کی جائے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ زونل دفاتر اج شام تک اس سلسلے میں رپورٹ ارسال کردیں۔

ایف ائی اے کا کہنا ہے کہ نجی اور سرکاری املاک کونقصان پہنچانے والے افراد کی نشاندہی کے بعد کارروائی ہوگی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ عوام ذاتی حیثیت میں بھی شکایات پشاور افس میں درج کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں