ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، کئی ریستوران اور گودام سیل

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،ریسٹورنٹس سیل|humnews.pk

لاہور: شہر بھر کے مختلف علاقوں میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں کر کے دو معروف ریستوران اور متعدد گودام سیل کر دیے ہیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران زائد المعیاد بوتلوں کی تاریخ تبدیل کرنے والا گودام، ناقص ناریل تیار کرنے والا یونٹ اور دو معروف ریسٹورنٹ سیل کر دیے گئے ہیں۔

ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ گنج منڈی میں نجی گودام میں زائد المعیاد بوتلوں کی تاریخ تبدیل کر کے بڑے پیمانے پر دوبارہ بیچا جارہا تھا جبکہ پراسسنگ یونٹ میں گندے پانی، کیمیکل اور تیزاب سے ناریل دھو کر تیار کیے جا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نجی گودام سے مختلف برانڈز کی تین ہزار سے زائد بوتلیں برآمد ہوئیں جس  کے بعد گودام مالک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ دوسری جانب گنج منڈی میں ہی شمالی پنجاب کا بڑا ناریل پراسسنگ یونٹ بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ بحریہ ٹاؤن سیکٹر 7 میں معروف  ریسٹورنٹ اور لیاقت باغ روڈ پر بھی ایک نجی ریسٹورنٹ کو سیل کیا گیا ہے جبکہ بحریہ ٹاؤن میں قائم ریسٹورنٹ کو تین دفعہ نوٹس دیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا جس کے بعد اسے سیل کر دیا گیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ریسٹورنٹ میں زائد المعیاد اشیاء کا استعمال، مضر صحت مچھلی اور باسی چکن کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ اسی طرح دوسرے ہوٹل کے کچن میں کاکروچ، زائد المعیاد ڈبل روٹی اور ٹوٹے ہوئے انڈے پائے گئے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ مری روڈ پر قائم فریسکو سوئیٹس پر بھی ایک لاکھ جرمانہ عئد کیا گیا ہے جبکہ تین من کے قریب مٹھائی تلف کر دی گئی۔


متعلقہ خبریں