یوم عاشور: دنیا بھر میں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت


اسلام آباد/تہران/بغداد: دس محرام الحرام کو یوم عاشور کے موقع پر دنیا کے متعدد ملکوں میں شہدائے کربلا کی یاد تازہ کرنے کے لیے مختلف تقریبات، جلوسوں اور مجالس کا انعقاد کیا گیا۔

دس محرم سن 61 ہجری کو سیدالشہداء حضرت حسینؓ اور آپ کے رفقاء میدان کربلا میں یزیدی فوج کے محاصرہ میں تھے۔ اہل کوفہ کے بلاوے پر مدینہ منورہ اور پھر مکہ مکرمہ سے روانہ ہونے والے نواسہ رسولﷺ کو اس مقام پر آگے بڑھنے سے روک دیا گیا۔ اس دوران اہل کوفہ کے بلاوے میں چھپے مکر کی حقیقت بھی کھل گئی۔

یوم عاشور پر عراق کے شہر کربلائے معلیٰ میں لاکھوں افراد جمع ہوئے اور شہدائے کربلا کو یاد کیا۔ نجف، کاظمین اور سامرا میں بھی جلوسوں اور تقریبات کے ذریعے یوم عاشور کی یادیں تازہ کی گئیں۔

دس محرم الحرام کے موقع پر ایران میں بھی مجالس عزا برپا کی گئیں۔ مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں یوم عاشور کی مناسبت سے تقاریب منعقد کی گئیں۔

برطانیہ اور یورپی ممالک میں بھی عزاداران امام حسینؓ نے جلوسوں اور مجالس کے ذریعے اہل بیت سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

لندن میں امامیہ مشن فاریسٹ گیٹ کے زیر اہتمام محرم کا جلوس نکالا گیا۔ جلوس ڈرننگ کمیونٹی سنٹر سے برآمد ہونے کے بعد فاریسٹ گیٹ، رومفرڈ روڑ اور کیتھرین روڑ سے ہوتا ہوا واپس ڈرننگ کمیونٹی سینٹر پہنچا۔ برطانیہ کے شہر بلیک برن میں بھی مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں علامہ علی عباس قمی نے فلسفہ شہادت اور مصائب کربلا بیان کیے۔

یونان کے شہر ایتھنز میں علم و ذوالجناح کا جلوس شہر کے مرکز امونیا سے برآمد ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا یونانی پارلیمنٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوا۔ عزاداران جلوس کے دوران ماتم داری اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔

پرتگال میں امام بارگاہ امام زمانہ المادہ اور امام بارگاہ آل یاسین لزبن میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔ زاکرین نے امام حسینؓ اور آپؓ کے رفقا کی قربانی پر روشنی ڈالی جب کہ عزاداران نے ماتم داری سے سید الشہداؓ کو پرسہ دیا۔

جرمنی کے شہر برسلز میں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس عزا برپا کی گئیں۔ عزاداروں نے  نواسۂ رسولﷺ اور آپؓ کے اصحاب باوفا پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اشکوں سے پرسہ دیا۔

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں محافل ذکر امام حسینؓ میں زاکرین نے سید الشہدا کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالی۔

سعودی عرب کے شہر قطیف کے عزادار بھی امام عالی مقام کا غم منانے میں پیش پیش رہے، عزاداروں کی  بڑی تعداد نے ماتمی جلوس میں شرکت کی۔

اسپین میں بھی دس محرم الحرم عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ امام بارگاہ القائم سنٹر بارسلونا میں عشرہ محرم الحرام شب عاشورہ امام بارگاہ میں مجلس عزاداری برپا ہوئی۔

مجلس کے بعد شبیہ تابوت شہزادہ علی اکبر برآمد ہوا۔ جب کہ یوم عاشورہ کا مرکزی ماتمی جلوس  اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا فرانسہ ریلوے اسٹیشن  پر اختتام پذیر ہوا۔ 

افریقی ملک نایجیریا میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے جلوس نکالا گیا جہاں شہدائے کربلا کی یاد تازہ کی گئی۔

دس محرم کی محافل میں مذہبی اسکالرز کا کہنا ہے کہ فلسفہ شہادت حسینی نے انسانیت کے احترام، ایثار، شجاعت، بہادری، صبر اور استقامت کا درس دیا ہے۔امام عالی مقام اور رفقا نے میدان کربلا میں قربانی سے دین اسلام کی آبیاری کی ہے۔


متعلقہ خبریں