شاہ محمود قریشی اور سبکدوش ہونے والے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات


اسلام آباد: کینیڈا کے پاکستان سے رخصت ہونے والے ہائی کمشنر پیری جان کالڈرووڈ نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کے دفتر میں الوداعی ملاقات کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سبکدوش ہونے والے کینیڈین ہائی کمشنر کی پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کالڈرووڈ نے وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں کینیڈین حکومت کی جانب سے پاکستان میں جاری معاون پروگراموں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی حکومت پاکستان کے ساتھ کاروباراور سرمایہ کاری کے باہمی اشتراک میں خاصی دلچسپی رکھتی ہے اور اسی وجہ سے ٹریڈ کمشنر کو خاص طور پر پاکستان میں تعینات کیا گیا ہے۔

سبکدوش ہونے والے کینیڈین ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ٹریڈ کمشنر کا مقصد کاروباری افراد کے ساتھ  تعلقات قائم رکھنا اور کاروباری روابط بڑھانا ہے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو دیکھتے ہوئے اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ نہ صرف سفارتی بلکہ سیاسی اور اعلی سطحی افسران کے درمیان روابط بھی مضبوط ہونے چاہیے۔


متعلقہ خبریں