میانوالی: کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین خوشحال خان ایکسپریس کا انجن اور سات بوگیاں میانوالی کے قریب پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق کالاباغ اور دادوخیل کے اسپتال میں زیراعلاج افراد میں سے 15 زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق مسافر ٹرین خوشحال خان خٹک ایکسپریس کراچی سے پشاور جا رہی تھی کہ میانوالی کے قریب ٹرین کو حادثہ پیش آیا۔ حادثہ میانوالی کے سوہان پل اور مکھڈ اسٹیشن کے درمیان ہوا جس میں ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
ٹرین حادثے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا تاہم زخمیوں کے حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ مسان ریلوے اسٹیشن جانے کے لیے زمینی راستہ نہیں ہے جس کے باعث امدادی کام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
ترجمان ریلوے نے حادثہ کے متعلق تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بوگیاں اترنے سے 20 مسافر زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ چار مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق اتوار کی صبح چھ بجے داؤد خیل سے آگے مسان اور سوہان اسٹیشن کے درمیان خوشحال خان خٹک کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
حادثہ کے بعد ریلوے ٹریک کو بند کر دیا گیا جس سے کندیاں راولپنڈی سیکشن پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ چند روز قبل شروع کی گئی راولپنڈی میانوالی ریل کار بھی حادثہ سے تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔
خوشحال خان ایکسپریس حادثہ کے بعد کندیاں سے راولپنڈی جانے والی ریل کار میانوالی ایکسپریس جس کا دو دن قبل وزیراعظم نے افتتاح کیا تھا ٹریک بند کی وجہ سے آج نہیں چل سکی۔
محکمہ ریلوے کی امدادی سرگرمیاں
ریلوے حکام نے حادثہ کی خاصی دیر بعد سامنے آنے والے موقف میں کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے لیے امدادی ٹرین بھی متاثرہ مقام پر پہنچ گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے اٹک سے خصوصی ریک چلایا جا رہا ہے، جلد ہی مسافروں کو روانہ کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ٹرینوں کی آمدورفت مکمل بند ہے۔ ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے، جس پر ایک دن بھی لگ سکتا ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق خوشحال خان خٹک کی پٹری سے الٹنے والی بوگیوں اور مسافروں کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ کندیاں سے امدادی ریلیف ٹرین اور ریسکیو ٹرک سائٹ پر پہنچ چکا ہے۔
ریلوے ترجمان کے مطابق پشاور سے ریسکیو ٹرک اور راولپنڈی سے ریلیف ٹرین کچھ ہی دیر میں علاقہ میں پہنچ جائے گی۔
اتوار کی صبح پیش آنے والے حادثہ کی وجہ کے متعلق ریلوے کی جانب سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے۔