پنجاب کا گورنر ہاؤس عوام کیلیے کھول دیا گیا

پنجاب کا گورنر ہاؤس عوام کیلیے کھول دیا گیا | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اعلان کیا ہے کہ لاہور میں واقع گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے جس کے بعد کوئی بھی وہاں کا دورہ کر سکے گا۔

پیر کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر گورنر ہاؤس لاہور ہر اتوار کو صبح دس سے شام چھ بجے تک عوام کے لیےکھلا رکھا جائے گا۔

چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وہ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں واقع ذاتی گھر میں رہ رہے ہیں اور وہیں رہنا چاہتا ہوں۔

اس سے قبل مری میں واقع گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کرنے والے چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس عوام کی ملکیت ہے، ہم یہ تاثر تبدیل کرنا چاہتے ہیں کہ ملک صرف اشرافیہ کے لیے ہے۔

اپنی گفتگو میں چوہدری سرور نے تسلیم کیا کہ میڈیا کا ہاتھ عوام کی نبض پر ہوتا ہے، ذرائع ابلاغ کی کی رہنمائی اور تنقید ہمارے لیے بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی گورنر تھے اور اب دوبار بنے ہیں لیکن عوام کے درمیان رہ کر جو تسکین ملتی ہے وہ گورنر ہائوس میں رہ کر نہیں مل سکتی۔

اب تک کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسکول کے بچے آنا چاہتے تھے تو کہا جاتا تھا سیکیورٹی رسک ہے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا، پاکستان کے تمام اسکولوں کےلیے گورنر ہائوس کھلا رہے گا۔

چوہدری سرور نے واضح کیا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے فیصلے پر یہ اقدام کیا ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ گونر ہائوس میں قائم سرکاری اسکول اور ڈسپنسری کو ایکسپینڈ کریں گے۔ اپنی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناجائز کام نہ کریں گے اور نہ ہی کسی کو کرنے دیں گے۔

اس سے قبل سندھ میں گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولا جا چکا ہے۔ چند روز قبل چوہدری سرور نے مری میں واقع گورنر ہاؤس کو بھی عوام کیلیے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں