راولپنڈی: چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ دنیا کو علاقائی امن اور استحکام میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت قابل تعریف ہے۔ چینی حکومت سی پیک منصوبوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کو سراہتی ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل حمایت پر چین کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی تنازعات کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم عالمی امن اور استحام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہیں، اس دوران انہوں نے مختلف سیاسی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔