نندی پور ریفرنس، بابر اعوان اور پرویز اشرف کے نام شامل


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا ہے، ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے نندی پور منصوبے میں تاخیر پر رحمت جعفری کمیشن قائم کیا جس نے اپنی رپورٹ میں وزارت قانون کے افسروں کو تاخیر کا ذمہ دار قرار دیا، رپورٹ کی روشنی میں وزارت قانون نے معاملہ نیب کو بھجوایا تھا۔

نیب کا کہنا ہے کہ نندی پور معاہدے کے لئے وزارت پانی و بجلی نے وزارت قانون سے رائے مانگی جس نے رائے دینے میں 2 سال لگا دیے، اس تاخیر کے باعث لاگت میں 27 ارب کا اضافہ ہو گیا اور تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ملزموں نے جان بوجھ کر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔

نیب ذرائع کے مطابق ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی ملزم نامزد ہیں جبکہ وزارت قانون کے سابق سیکرٹریز مسعود چشتی اور ریاض کیانی بھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں۔

سابق کنسلٹنٹ شمیلہ محمود اورسابق جوائنٹ سیکرٹری ریاض محمود کے نام ملزمان کی فہرست میں موجود ہیں، اسی طرح وزارت پانی و بجلی کے سابق سیکرٹری شاہد رفیع بھی ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔

نیب کا موقف ہے کہ نامزد ملزمان کی غفلت کے باعث نندی پور منصوبے میں تاخیر ہوئی، جس کے سبب خزانے کو 27 ارب کا نقصان ہوا۔


متعلقہ خبریں