پاکستان کو پودے لگا کر ہرا بھرا کردیں گے، عمران خان


ہری پور: وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم پانچ سالہ دور اقتدار میں پاکستان کو لاکھوں درخت لگا کر ہرا بھرا کر دیں گے۔

وزیراعظم نے گرین پاکستان مہم کے دوران ہری پور میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔

عمران خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں درخت نہ ہونے کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ ہے اور اس وقت پاکستان ماحولیاتی آلودگی میں ساتویں نمبر پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تو جنگلات کو برباد کردیا گیا اور لکڑیاں کاٹ کر بیچ دی گئیں لیکن ہمیں جہاں بھی خالی جگہ ملے گی ہم وہاں پودے لگائیں گے اور اگر ہم نے درخت نہ لگائے تو ملک ریگستان بن جائے گا۔ اس وقت ملک کے 2 سو مقامات پر پودے لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ شجر کاری مہم کا کیا مقصد ہے۔ ہم ملک کو بچانے کے لیے درخت لگا رہے ہیں کیونکہ درخت لگانے سے ہی بارشیں ہوں گی اور یہ زندگی اور موت کی جنگ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ درخت ہوا کو صاف کرتے ہیں اور ہم شجرکاری اور صفائی کو نصاب میں شامل کریں گے۔


متعلقہ خبریں