ایرانی وزیر خارجہ کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات


اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ تعلقات موجود ہیں، باہمی مفادات کے لیے دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں، پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد پر یقین رکھتا ہے، دونوں ممالک کو امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل معاملات پر اتفاق رائے سے آگے بڑھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو متحد کرنے کے لیے ایران کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، مسلم ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے لیے متحرک پارلیمانی سفارتکاری ضروری ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اسد قیصر کو ایرانی اسپیکر اور قیادت کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔

ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ ایران کی قیادت اور حکومت بھی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش مند ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کا پارٹنر ہے اور کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتا ہے۔

ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے ہیں، دونوں ہمسایہ ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مؤثر طرز حکمرانی کے لیے دونوں ممالک کے مابین اداروں کی سطح پر تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پرزور دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے پاکستانی مؤقف کی تائید کرنے پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں