ستاروں کی عید قرباں


عید  کا تہوار ہمیں روزمرہ مصروفیات سے جدا کرکے کچھ خاص کرنے کی دعوت دیتا ہے کچھ ایسا جس میں ہمارے پیارے ہمارا ساتھ دے کر ایسے موقعوں کو یادگار بناتے ہیں۔ عید قرباں یا عیدالاضحی بھی ایک ایسا ہی تہوار ہے۔ یہ تہوار ہمارے جانے مانے ستارے کس طرح سے مناتے ہیں، یہ جاننے کیلئے ہم نے کیا ایک خصوصی سروے کیا ، آئیے آپ کو بھی اس میں شریک کرتے ہیں ۔

حنا خواجہ بیات

7اگست1972کو پیدا ہونے والی حنا بیات اپنی وراسٹائل اداکاری کی وجہ سے انڈسٹری میں قدم رکھتے ہی ناظرین میں مقبول ہوگئیں۔جھمکا جان، شہرذات، ایک نئی سینڈریلا، جل پری، عون زارا، عشق گمشدہ، تلخیاں، اُڑان، آہستہ آہستہ، بشر مومن، میرا نام یوسف ہے، مقدس، کانچ کی گڑیا، دعا، تیرے میرے بیچ، مور محل، تم کون پیا، زندگی گلزار ہے، ہمسفر، دل بنجارا، متاع جان، دیوانہ اور صنم جیسے کئی ڈراموں میں الگ الگ اور منفرد کردار نبھاتی نظر آئیں۔
عید الاضحی کے حوالے سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے حنا نے کہا کہ عید قربان نام ہے گھر والوں کیساتھ قربانی کرنے کا۔ قربانی صرف صبح جانور ذبیح کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ سوچنے کا موقع ہے کہ زندگی میں کتنی جگہ قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ بقرعید پر صبح بطور خاص کلیجی بنائی جاتی ہے،جس کاسارا سال شدت سے انتظار رہتا ہے

حرا مانی

چلبلی شخصیت کی مالک حرا خان کو ہم نے’’ یقین کا سفر‘‘ میں انتہائی سنجیدہ کردار نبھاتے مقبولیت حاصل کرتے ہوئے دیکھا۔ 24جون کو پیدا ہونے والی حرا خان معروف اداکار سلمان ثاقب شیخ المعروف مانی کی اہلیہ ہیں ۔ حرا خان اب تک خالہ ثریا، جنم جلی، پریت نہ کریو کوئی، کتنی گرہیں باقی ہیں، سن یارا اور بلقیس عرف بلو میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہیں جبکہ ہم ٹی وی کے نئے ڈرامے ’’پگلی ‘‘میں بھی ایک منفرد کردار نبھارہی ہیں۔
بڑی عید کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری بقرعید کھانا بنانے میں گزرتی ہے ۔ میں اپنے گھر والوں کیلئے خوب ڈھیر سارے کھانے پکاتی ہوں۔ رات میں ہمارے گھر لازمی طور پر باربی کیو ہوتا ہے جس میں میرے دیور اور کزنز جمع ہوتے ہیں۔

عمران اسلم  

محبت جائے بھاڑ میں، جیا نہ جائے، نکھر گئے گلاب سارے، سسرال میرا، دریچہ،شہریار شہزادی، کدورت، کہی ان کہی، میرا نصیب، سسرال میری بہن کا ، مینو کا سسرال،دل برباد، مریم کیسے جئے، کالا جادو، مشرق ، خدا دیکھ رہا ہے، بے عیب، میرا کیا قصور اورسانجھا سمیت کئی ڈراموں سے شہرت یافتہ عمران اسلم نے انتہائی مختصر وقت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ۔انہیں پہلے اور تیسرے ہم ایورڈز میں بہترین سوپ اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا

عمران اسلم کے مطابق بقر عید پر قربانی کے ذریعے مذہبی فریضہ پورا کیاجاتا ہے اور اگلے کئی دنوں تک اس دن کی تھکن اُتاری جاتی ہے۔ بقرعید کے موقع پرویسے تو بہت سے مزیدار کھانے بنتے ہیں لیکن کوئی مخصوص ڈش نہیں بنتی ۔ہمارے ہاں روزمرہ میں بھی گوشت بہت زیادہ بنتا ہے یوں ہم تو سارا سال ہی گوشت کے مزے لیتے ہیں۔ہمارے ہاں ملنے جلنے کا سلسلہ بہت زیادہ ہے تو سارے دوست و اقارب ہمارے گھر آتے ہیں اور ہم بھی ان سے ملنے کیلئے جاتے ہیں۔ اس موقع پر رشتے داروں اور دوستوں کے گھروں میں باربی کیو کا سلسلہ بھی کیا جاتا ہے

جمال شاہ

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے انتہائی منجھے ہوئے اور معروف فنکا راورپاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے ڈائریکٹرجمال شاہ اب بطورمصنف وہدایتکار ’’ریونج آف دی ورتھلیس)بدل(‘‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں بھی قدم رکھ چکے ہیں جس میں ماہرہ خان‘ فردوس جمال ‘ شامل خان اور زوہب اختر سمیت کئی معروف نام بھی شامل ہیں۔ جمال شاہ اس وقت اپنی دوسری فلم ’’پھر کھلی انارکلی‘‘ کی تیاریوں میں مشغول ہیں۔ اس رومانوی فلم میں وہ اداکارہ سونم کپور کو کاسٹ کرنے کی خواہش کے حوالے سے میڈیا کی رونق بھی بنے ہوئے ہیں۔گزشتہ دنوں جمال شاہ ’’سایہ دیوار بھی نہیں‘‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے جبکہ ہومن جہاں میں ان کے کردار نے بھی عوامی مقبولیت حاصل کی۔
عید الاضحی کی مصروفیات کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے جمال شاہ نے کہا کہ مجھے بقرعید پر زیادہ شورشرابا پسند نہیں ہے بلکہ میری خواہش ہوتی ہے کہ اس مذہبی فریضے کو انتہائی سادگی سے انجام دوں اسی وجہ سے ہمارے گھر میں انتہائی سادگی سے عید منائی جاتی ہے۔ میں گوشت خور نہیں ہوں اور عید کے موقع پر بھی میں اپنی اس روایت پر قائم رہتے ہوئے کسی خاص چیز کا انتظار نہیں کرتا بلکہ جو بھی بنا ہوتا ہے وہ کھالیتا ہوں۔

فیصل قریشی 

16اگست1954ء میں پیدا ہونے والے،اپنے تلخ و شیریں جملوں، معلومات اور حالات حاضرہ پر گہری نظر کے باعث عوام میں مقبول ہونے والے ٹی وی اینکر فیصل قریشی ایک سماجی کارکن ہونے کیساتھ کامیاب صنعت کار بھی ہیں۔ انہوں نے لوسنیا اسٹیٹ یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہے۔ فیصل نے 2006ء میں اپنے کرئیرکا آغاز بزنس پلس کے پروگرام ’’لاس اینڈز‘‘سے بطور میزبان کیا بعد ازاں بریک فاسٹ ان ڈان، ان کہی اور بانگ دراجیسے بے مثال پروگرام کیا۔ وہ کولاچی ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کے بانی بھی ہیں ۔
عیدالاضحی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بقرعید گھر والوں کے سا تھ روایتی اہتمام سے مناتے ہیں،اس موقع پر گھر میں سب اکٹھے ہوتے ہیں ۔کلیجی کا ناشتہ کیا جاتا ہے اور دوپہر کے کھانے میں لازمی طور پر بکرے کے گوشت کا اسٹو بنایا جاتا ہے

عابد علی

17مارچ1952ء میں پیدا ہونے والے عابد علی پاکستانی تفریحی صنعت کے ان چنیدہ ناموں میں شامل ہیں جنہیں اداکاری کی درسگاہ کا درجہ حاصل ہے ۔ڈرامہ، فلم اور تھیٹر کوئی ایسا میدان نہیں جہاں عابد علی نے اپنی صلاحیتوں کی روشنی نہ بکھیری ہو۔ان کے ڈراموں میں جھوک سیال، وارث، ہزاروں راستے،پیاس، سورج کیساتھ ساتھ ، خواہش، دوریاں، دشت، دوسرا آسمان، پنجرہ، ہوا پہ رقص، غلام گردش، مہندی، تنہا تنہا، مورت، سہیلی، سمندر ، بری عورت ،ماسی اور ملکہ ،آن ، جہیز، کالا جادو، بنٹی آئی لو یو،  رخصتی، خان صاحب، دیار دل، کیچھ نہ کہو اور ناگن جب کہ فلموں میں خاک اور خون، وارث، آواز، سونے کی تلاش، غریبوں کا بادشاہ، روٹی، حفاظت، نگینہ، انسانیت کا دشمن، وطن کے رکھوالے، کوبرا، بے تاب، فاتح، صاحبہ، شیر پنجاب دا، جنگل کا قانون اورمسٹر بھٹی آن چھٹی سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔بحیثیت ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سہیلی اور ماسی اور ملکہ ان کی اپنی کاوشیں ہیں ۔
عابد علی کا کہنا ہے کہ ہمارے گھر میں بقرعید نہایت جوش و خروش سے منائی جاتی ہے۔ میرے قربانی میں بہت نخرے ہیں اور ہر چیز اچھے طریقے سے کرانا چاہتا ہوں اسی وجہ سے ہمارے ہاں صبح سے شام لگتی ہے گوشت بنتے بنتے ۔ کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ گوشت فریز نہ کیا جائے بلکہ جتنا بھی ممکن ہو مستحقین اور عزیز و اقارب میں بانٹ دیا جائے۔میں پلاؤ بہت شوق سے کھاتا ہوں اسلئے ہمارے گھر میں پلاؤ تو لازمی بنتا ہے جبکہ کوشش کی جاتی ہے کہ کلیجی بھی بن ہی جائے۔

نوین وقار

9جنوری کو پیدا ہونے والی ‘بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈرامہ سیریل ’’ہم سفر ‘‘سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی نوین وقار نے سب سیٹ ہے، مول ، الوداع ، عینی کی آئے گی بارات ،اف میری فیملی، سایہ دیوار بھی نہیں، کچھ نہ کہو، دکھ سکھ اور بے انتہاء سمیت کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا جبکہ ’’جوش ‘انڈیپنڈنس تھرو یونیٹی کے ذریعے ناظرین کے دل جیت لئے ۔
نوین نے کہا کہ میں ہر موقع کو نہایت اہتمام سے مناتی ہوں اسی طرح سے بقرعید بھی بہت پرجوش طریقے سے مناتی ہوں۔ خوب مزے مزے کے کھانے، شیر خرمہ اور مٹھائیاں کھاتی ہوں اور عید کے بعد اس بات کا خوب پچھتاوا بھی ہوتا ہے۔ میں کھانے کی شوقین ہوں اس لئے بقرعید پر میری فرمائش پر شامی کباب اور مٹن پلاؤ ضرور بنتا ہے۔

 

طوبی صدیقی

پاکستان فیشن انڈسٹری میں طوبی صدیقی ایک مستند نام ہیں۔ طوبی نے ریمپ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد چھوٹی اسکرین پر انے کا فیصلہ کیا اور پھر مختصر ہی عرصے میں بڑی اسکرین تک جا پہنچیں۔آپ انہیں ’’دوبارہ پھرسے‘‘ میں اداکاری کے جوہر بکھیرتے دیکھ چکے ہیں۔
طوبی صدیقی کے گھر میں روایتی اور مذہبی انداز میں قربانی کی جاتی ہے ۔ طوبی کہتی ہیں کہ ہمارے گھر میں عید کے دو سے تین دن تو بس کھانے پینے کے نام ہی ہوتے ہیں۔ اس موقع پر خوب کھانے پکائے جاتے ہیں اور گوشت کے طرح طرح کے پکوان بنتے ہیں۔ عید والے دن دوپہر کے کھانے میں بکرے کے گوشت کا پلاؤ ضرور ہوتا ہے جب کہ دوسرے دن باربی کیو پارٹی ہوتی ہے۔ عید کے موقع پرہم لوگ آلو گوشت‘ پائے اورکلیجی وغیرہ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

ژالے سرحدی

مایہ ناز ماڈل اور جانی مانی اداکارہ ژالے سرحدی ڈرامہ سیریل ’’اڑان ‘‘ سے ہی مقبول عام ہوگئیں۔ ان کے دیگر مشہور ڈراموں میں عکس، برزخ، چانپ تیار ہے، ڈرے ڈرے نینا، کتنی گرہیں باقی ہیں، کہی ان کہی، کراچی ہائی، مدہم مدہم، میں، ممی اور وہ ‘مٹھی بھری مٹی‘ ندامت، ناجیہ، سبز پری لال کبوتر، وہ رشتے، وہ ناطے، ہلکا نہ لو، جستجو، مدیحہ ملیحہ، ڈائجسٹ رائٹر، سرتاج میرا تو راج میرا، چھوٹی سی غلط فہمی، رنگ لاگا ، دیمک ، دل جانم وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے ڈارلنگ یو آر لائر نامی تھیٹر جب کہ رام چند پاکستانی، جلیبی اور چلے تھے ساتھ نامی فلموں میں بھی کام کیا۔


ژالے سرحدی کہتی ہیں کہ عید اور بقرعید کے مواقع ہمیں ہماری روزمرہ کی مصروفیت سے چھٹکارا دلاتے ہیں لہذا میں تو خوب آرام کرتی ہوں اور گھر میں بند ہوکر بقرعید گزارتی ہوں۔ ہمارے ہاں اس موقع پر خاص طور پر دال گوشت بنتا ہے ۔

 


متعلقہ خبریں