ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہماری طاقتور مسلح افواج کسی بھی حملے یا دھمکی کو جواب کے بغیر نہیں چھوڑیں گی۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ شکست کے باوجود امریکا نے ایران کے عزم کا امتحان لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ایرانی مسلح افواج کسی بھی حملے یا دھمکی کو جواب کے بغیر نہیں چھوڑیں گی۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اگر غیرملکی افواج محفوظ رہنا چاہتی ہیں تو انہیں خطے سے نکل جانا چاہیے۔ ان کے مطابق خلیج فارس کی تاریخ بیرونی مداخلت کاروں کے برے انجام کی متعدد داستانوں سے بھری پڑی ہے اور خطے میں موجود غیرملکی افواج مسلسل خطرے سے دوچار ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انسانی غلطی، حادثات یا ممکنہ کراس فائر کے باعث کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے، اس لیے خطے میں تناؤ کم کرنے کا بہترین راستہ غیرملکی افواج کا انخلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سفارتکاری کو ترجیح دیتا ہے تاہم ملک کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی پانی نہیں بلکہ ایران اور عمان کے درمیان مشترکہ آبی گزرگاہ ہے، جو امریکا کے ساحلوں سے ہزاروں میل دور واقع ہے اور اس کی بحری سرحدیں واضح ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج ہر قسم کی فضائی، زمینی اور بحری خلاف ورزی کا جواب دینے کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔
