وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری نشر نہ ہوئی


لاہور: پنجاب کے پسماندہ علاقہ ڈیرہ غازی خان سے وزیراعلیٰ منتخب ہونے والے عثمان بزدار کی حلف برداری  کی تقریب پاکستان ٹیلی ویژن براہ راست نشر نہ کر سکا اور اس کی جگہ وزیراعظم عمران خان کا قوم سے گذشتہ شب کیا جانے والا خطاب نشر کر دیا۔

پرائیویٹ میڈیا کو بھی تقریب کی کوریج کی اجازت نہیں تھی جس کی وجہ سے کسی بھی ٹی وی چینل پرملک کے سب سے بڑے صوبے کے وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری لائیو نہ دکھائی جا سکی۔

قائم مقام گورنر چوھدری پرویز الہی نے عثمان بزدار سے وزارت اعلیٰ پنجاب کا حلف لیا۔ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد گورنر ہاؤس سے وزیراعلیٰ آفس گئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کو سلامی پیش کی۔

وزیراعلیٰ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور پھر وزیراعلیٰ آفس کے افسروں اور عملے سے فرداً فرداً ملاقات کی۔

سردار عثمان بزدار کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ بارتھی سے ہے، انہوں نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی-286 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر 26897 ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی تھی۔


متعلقہ خبریں