پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو طلب


لاہور: گورنر پنجاب نے اسمبلی اجلاس 15 اگست کو طلب کر لیا ہے جس میں نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی کی حلف برداری ہو گی۔

نگران وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری گورنر پنجاب کو ارسال کی تھی۔

نو منتخب پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس میں ارکان صوبائی اسمبلی کی حلف برداری کے بعد اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کیا جائے گا۔

الیکشن 2018 میں مرکز میں سب سے بڑی جماعت بننے والی پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پرویز الہی اور گورنر پنجاب کے لیے چوہدری سرور کا نام فائنل کیا ہے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے کوئی نام تاحال سامنے نہیں آسکا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے سامنے آنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ حمزہ شہباز ان کی جانب سے وزیراعلی اور ناکامی کی صورت میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ یعنی 34 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے جب کہ ن لیگ 29 مخصوص نشستیں حاصل کر سکے گی۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کو آٹھ، آٹھ مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس

قائم مقام گورنر آغا سراج احمد درانی نے نو متخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کے لیے 13 اگست کو اجلاس بلانے کی سمری منظور کرلی ہے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس صبح دس بجے شروع ہوگا جس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔ ارکان کی حلف برداری کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب کے لیے اجلاس 14 اگست کے بعد طلب کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں