کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے ریسکیو اہلکاروں نے 54 گھنٹے بعد ایک نوجوان کو زندہ نکال لیا۔ نوجوان کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی ہے، جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق عادل اپنے دو ساتھیوں عاصم اور جبران کے ہمراہ عمارت کے کچن میں ماربل کا کام کرنے آیا تھا۔ اسے ملبے سے نکالے جانے کے وقت بظاہر جسم پر کوئی زخم یا فریکچر نہیں تھا اور وہ ریسکیو اہلکاروں سے گفتگو بھی کر رہا تھا۔
عادل نے ریسکیو اہلکاروں کو بتایا کہ اس کے دونوں ساتھی عاصم اور جبران بھی اس کے ساتھ موجود تھے اور وہ بھی خیریت سے ہیں تاہم دونوں نوجوانوں کا تاحال سراغ نہیں مل سکا اور ان کی تلاش جاری ہے۔
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب کراچی ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے بلاک 4 میں واقع چھ منزلہ زیرِ تعمیر عمارت بدھ 25 نومبر 2026 کو اچانک منہدم ہوگئی تھی۔ عمارت تقریباً 600 مربع گز کے پلاٹ پر تعمیر کی جا رہی تھی اور حادثے کے وقت وہاں 20 سے زائد مزدور کام کر رہے تھے۔جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو چکی ہے اور ملبے تلے دبے ہوئے دیگر افراد کی تلاش کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ملبے سے زندہ سلامت نکل آنے والے نوجوان عادل نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے تین دن بعد زندہ سلامت ملبے سے نکل آیا ہوں، اس موقع پر انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ میری آواز پر مجھ تک پہنچے اور مجھے بحفاظت باہر نکالا۔
جناح اسپتال کے انچارج ایمرجنسی ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق عادل کی طبیعت تسلی بخش ہے تاہم طویل وقت تک ملبے تلے دبے رہنے کے باعث وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔
ریسکیو آپریشن مزید دو سے تین روز جاری رہنے کا امکان
ریسکیو 1122 سندھ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر عابد جلال شیخ نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے لیے عمارت کے ملبے میں مختلف مقامات سے داخلے کے راستے (انٹری پوائنٹس) بنائے جا رہے ہیں۔ جس مقام سے نوجوان عادل کو زندہ نکالا گیا، وہاں سے ریسکیو ٹیموں کو پہلے ہی مثبت امید تھی۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو حکام کی اولین ترجیح لاپتا افراد کو تلاش کرنا ہے، ملبہ ہٹانا اس کے بعد کا مرحلہ ہے۔ اسی حکمت عملی کے تحت مزید انٹری پوائنٹس بنائے جا رہے ہیں اور عمارت کے اوپری حصے سے بھی رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر عابد جلال شیخ کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن بیک وقت جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ملبے تلے موجود افراد کو زندہ باہر نکالا جائے۔ اب تک 8 لاشیں بھی نکالی جا چکی ہیں، تاہم مزید افراد کی موجودگی کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ مقام کو مکمل طور پر کلیئر کرنے میں مزید دو سے تین روز لگ سکتے ہیں، تاہم اگر لاپتا افراد کی فہرست مکمل ہوگئی تو ممکن ہے کہ 24 گھنٹوں میں بھی کارروائی مکمل کرلی جائے۔
ریسکیو حکام کے مطابق بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے تاکہ ملبے تلے موجود ممکنہ زندہ افراد کو نقصان نہ پہنچے۔ جہاں کسی شخص کی موجودگی کا شبہ ہو وہاں مشینری روک کر دستی طریقے سے ملبہ ہٹایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ فی الحال ریسکیو ٹیموں کی تمام تر توجہ عادل کے دونوں ساتھیوں عاصم اور جبران سمیت دیگر لاپتا افراد کی تلاش پر مرکوز ہے۔ 54 گھنٹے بعد عادل کا زندہ ملنا امدادی ٹیموں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی نئی کرن بن گیا ہے۔


