اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے معروف مذہبی و روحانی شخصیت پوجیا ماتا صاحب ہاسی دیوی کی 200ویں سالگرہ کے موقع پر 200 روپے مالیت کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کر دیا۔
یہ سکہ جمعہ 27 نومبر 2026 سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے کاؤنٹرز سے جاری کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی منظوری سے جاری کیے جانے والے اس سکے کا مقصد ماتا صاحب ہاسی دیوی کی مذہبی اور ثقافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
پوجیا ماتا صاحب ہاسی دیوی سندھ کی شادھانی مذہبی روایت سے تعلق رکھنے والی قابلِ احترام روحانی شخصیت تھیں۔ انہیں شادھانی دربار کی پانچویں گدی نشین شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
ان کی زندگی عاجزی، روحانی وابستگی، انسانیت کی خدمت اور مختلف برادریوں کے درمیان خیرسگالی کے فروغ سے منسوب کی جاتی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ان کی 200ویں سالگرہ پر یادگاری سکہ جاری کرنا ملک کے مذہبی اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کی ایک اہم علامت ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق سکے کی تیاری میں 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل استعمال کیا گیا ہے۔ سکے کا قطر 30 ملی میٹر جبکہ وزن 13.50 گرام ہے۔
سکے کے سامنے والے رخ پر پاکستان کا قومی ہلال اور ستارہ، اسلامی جمہوریہ پاکستان کا نام اور اجرا کا سال 2026 درج ہے جبکہ اس کی مالیت 200 روپے لکھی گئی ہے۔
#SBP has issued Rs.200 commemorative coin to celebrate the 200th birth anniversary of Pujya Mata Sahib Hasi Devi. The coin is now available at all offices of SBP Banking Services Corporation.
See PR: https://t.co/DCKIJ3XUUo https://t.co/9Xr3LAdujS— SBP (@StateBank_Pak) November 27, 2026
سکے کی پشت پر سندھ کے علاقے حیات پتافی میں واقع پوج شادھانی دربار کی تصویر نمایاں کی گئی ہے، تصویر کے اوپر ’پوجیا ماتا صاحب ہاسی دیوی‘ اور نیچے ’200th Birth Anniversary‘ درج ہے جبکہ دونوں اطراف 1826 اور 2026 کے ہندسے تحریر کیے گئے ہیں۔
پاکستان میں اس سے قبل کون سے یادگاری سکے جاری کیے گئے؟
پاکستان میں یادگاری سکوں کے اجرا کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ اسٹیٹ بینک اور پاکستان منٹ کے ریکارڈ کے مطابق یہ سکے قومی شخصیات، تاریخی واقعات، مذہبی تقریبات، بین الاقوامی تعلقات اور اہم قومی اداروں کی سالگرہوں کی مناسبت سے جاری کیے جاتے رہے ہیں۔
پاکستان میں یادگاری سکوں کے اجرا کا آغاز 1976ء میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر ہوا، جب 50 پیسے مالیت کا خصوصی سکہ جاری کیا گیا۔ اس کے اگلے سال 1977ء میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر ایک روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔ اسی سال لاہور میں منعقد ہونے والی دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس کی مناسبت سے بھی ایک روپے کا خصوصی سکہ جاری کیا گیا، جس کا مقصد مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔
ان سکوں کے علاوہ 1977 میں جنگلی حیات کے تحفظ کے دن کے موقع پر 100، 150 اور 3000 روپے مالیت کے خصوصی سکے بھی جاری کیے گئے تھے۔ ان میں 3000 روپے کا سکہ اس دور کے غیر معمولی مالیت والے یادگاری سکوں میں شامل تھا۔
1980ء میں اسلامی تاریخ کے 1400 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک روپے اور 50 پیسے مالیت کے یادگاری سکے جاری کیے گئے۔ 1981ء میں اقوام متحدہ کے ادارے برائے خوراک و زراعت (FAO) کے عالمی یوم خوراک کے موقع پر ایک روپے کا خصوصی سکہ متعارف کرایا گیا۔ اس کے بعد 1995ء میں اقوام متحدہ کے قیام کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر 5 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔
1997ء میں پاکستان کے قیام کی گولڈن جوبلی یعنی 50 سال مکمل ہونے پر 50 روپے مالیت کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کیا گیا، جس کے ذریعے ملک کی آزادی اور قومی تاریخ کے اہم سنگ میل کو نمایاں کیا گیا۔ بعد ازاں 1998ء میں سینیٹ آف پاکستان کی سلور جوبلی کے موقع پر 10 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔
پاکستان میں 2000ء کے بعد بھی اہم قومی شخصیات، تاریخی واقعات اور بین الاقوامی تعلقات کی مناسبت سے یادگاری سکوں کے اجرا کا سلسلہ جاری رہا۔
2003ء میں مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات اور شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 10 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔ اس کے بعد 2008ء میں سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی پہلی برسی کے موقع پر 10 روپے کا خصوصی سکہ جاری کیا گیا، جبکہ 2009ء میں چین کے قیام کی 60ویں سالگرہ کی مناسبت سے بھی 10 روپے کا یادگاری سکہ متعارف کرایا گیا۔
2011ء میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات اور دوستی کے 60 سال مکمل ہونے پر 20 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔ اسی سال مری کے تاریخی لارنس کالج گھوڑا گلی کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر بھی 20 روپے کا خصوصی سکہ جاری ہوا۔ 2014ء میں پاک بحریہ کی آبدوز فورس کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 25 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا جبکہ 2015ء میں پاکستان اور چین کے دوستانہ تبادلوں کے سال اور اسلامیہ کالج پشاور کی 100ویں سالگرہ کی مناسبت سے 20، 20 روپے مالیت کے خصوصی سکے متعارف کرائے گئے۔
2016ء اور 2017ء میں پاکستان کی دو اہم شخصیات کو یادگاری سکوں کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کے اعتراف میں 2017ء میں 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا جبکہ معروف جرمن نژاد پاکستانی سماجی شخصیت ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بھی 50 روپے کا سکہ جاری کیا گیا۔ اسی عرصے میں سرسید احمد خان کی 200ویں سالگرہ کے موقع پر بھی 50 روپے کا خصوصی سکہ جاری کیا گیا۔ 2018ء میں عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے موقع پر 50 روپے کا یادگاری سکہ متعارف کرایا گیا۔
2019ء میں سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر پاکستان نے 550 روپے مالیت کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کیا، جو اپنی منفرد مالیت کے باعث خاص اہمیت رکھتا ہے۔ 2020ء میں پاکستان میں افغان مہاجرین کی آمد اور موجودگی کے 40 سال مکمل ہونے پر 40 روپے کا سکہ جاری کیا گیا۔ 2021ء میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 70 سال اور پاکستان و جرمنی کے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ پر 70 روپے مالیت کے خصوصی سکے جاری کیے گئے۔ اسی سال کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی اور لاہور کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر 100 روپے کے یادگاری سکے بھی جاری ہوئے۔ پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 50 روپے کا سکہ بھی متعارف کرایا گیا۔
2022ء میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی 100ویں سالگرہ اور پی این ایس ہنگور کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے خصوصی سکے جاری کیے گئے۔ 2023ء میں سینیٹ آف پاکستان کی گولڈن جوبلی، 1973ء کے آئین کی گولڈن جوبلی، پاک چین اقتصادی راہداری کے دس سال اور پاکستان و امریکا کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر 50، 75 اور 100 روپے مالیت کے یادگاری سکے جاری کیے گئے۔
2024ء میں بابا گرونانک کے 555ویں جنم دن کے موقع پر 55 روپے کا خصوصی سکہ جاری کیا گیا، جبکہ ایس او ایس چلڈرن ولیجز پاکستان کی گولڈن جوبلی پر 50 روپے کا یادگاری سکہ متعارف کرایا گیا۔ 2025ء میں نادرا کی 25 سالہ خدمات، ملٹری کالج جہلم کی صد سالہ تقریبات اور معرکۂ حق کی مناسبت سے بالترتیب 25، 100 اور 75 روپے مالیت کے خصوصی سکے جاری کیے گئے۔ بعد ازاں 2026ء میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔
اس طویل سلسلے کی تازہ کڑی 27 نومبر 2026ء کو جاری ہونے والا 200 روپے کا یادگاری سکہ ہے، جو پوجیا ماتا صاحب ہاسی دیوی کی 200ویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرایا گیا ہے۔ اس طرح پاکستان کے یادگاری سکوں میں قومی شخصیات کے ساتھ ساتھ مذہبی رواداری، ثقافتی ورثے، تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی تعلقات کو بھی نمایاں جگہ دی گئی ہے۔
کیا یادگاری سکے عام لین دین میں استعمال ہوتے ہیں؟
اسٹیٹ بینک کے مطابق یادگاری سکوں کا بنیادی مقصد کسی اہم تاریخی، قومی، مذہبی یا ثقافتی موقع کو محفوظ بنانا ہوتا ہے۔ انہیں عام گردش کے سکوں سے الگ رکھا جاتا ہے اور یہ عموماً شوقین افراد، سکے جمع کرنے والوں اور تاریخی نوادرات میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
نیا 200 روپے کا سکہ بھی اسٹیٹ بینک کے بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹرز سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
مجموعی طور پر پاکستان میں یادگاری سکوں کا اجرا محض مالیاتی سرگرمی نہیں بلکہ قومی تاریخ، مذہبی رواداری، ثقافتی ورثے اور اہم شخصیات کی خدمات کو آنے والی نسلوں تک پہنچانے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔



