سری لنکا میں قتل کے ایک ملزم کو اس وقت فرار ہونے کی کوشش مہنگی پڑ گئی جب وہ ایک ہاتھی سے ٹکرا کر پولیس کے ہاتھ آگیا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سری لنکا کی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب فرار ہونے کی کوشش کے دوران اس کی اسکوٹر جنگلی ہاتھی سے ٹکرا گئی۔
پولیس کے مطابق 49 سالہ شخص پر شمالی ضلع انورادھاپورا میں ایک خاتون کو گھر میں چاقو کے وار سے قتل کرنے کا الزام ہے۔ واقعے کے بعد جب ملزم فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا تو قریب ہی واقع جنگل سے ہاتھی سڑک پر آگیا اور وہ اسکوٹر کے ساتھ اس سے ٹکرا گیا۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا ہے کہ اسکوٹر ٹکرانے سے ہاتھی بظاہر زخمی نہیں ہوا اور وہ واپس جنگل میں چلا گیا۔
پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسپتال منتقل کردیا جہاں مسلح اہلکاروں کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے ملزم سے ممکنہ آلہ قتل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سری لنکا میں انسانوں اور ہاتھیوں کا آمنا سامنا نسبتاً ایک عام سی بات ہے جہاں انسانی آبادیوں اور زرعی زمینوں کے پھیلاؤ کے باعث اکثر جانوروں کا قدرتی مسکن متاثر ہوتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران تقریباً 400 ہاتھی اور 150 انسان سالانہ ہلاک ہوئے۔
سری لنکا میں اندازاً 7 ہزار جنگلی ہاتھی موجود ہیں جنہیں قومی ورثہ سمجھا جاتا ہے اور قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے۔ تاہم دور دراز دیہات میں بعض لوگ فصلیں تباہ کرنے والے ہاتھیوں پر حملے بھی کرتے ہیں۔
