پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام اور اداروں پر اعتماد کی بحالی کے لیے تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو مذاکرات میں شامل کرنا ہوگا، جب کہ نظام میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا ری سیٹ جمہوری اور سیاسی انداز میں ہونا چاہیے۔
ملتان میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کبھی ایسے معاشی حالات نہیں دیکھے۔ سیاست دانوں کی کبھی کبھار ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ سچ بولیں، عوام کو گمراہ نہ کریں بلکہ بتائیں کہ زمینی حقائق کیا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ کا بوجھ پاکستانی اپنے کندھوں پر اٹھا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں جب معاشی طور پر مزید مشکلات کے سامنے کا خدشہ ہے تو ایسے حالات میں پاکستان کی سیاست میں ری سیٹ کی ضرورت ہے تاکہ ملک اور سسٹم کو اس قابل بنائیں کہ آنے والے حالات کا مقابلہ کرسکیں۔
اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ یہ سسٹم عوام کی خدمت کرے اور ہمارا ملک اس قابل ہو کہ ہر مشکلات کا سامنا کرسکے تو ہمیں جلد ایسے اقدامات اٹھانے پڑیں گے کہ ہم اتحاد، سیاسی استحکام اور تمام اداروں پر اعتماد بحال کرسکیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے بقول حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، جسے دور کرنے کے لیے حکومت کو اپوزیشن کے سامنے اعتماد سازی کے اقدامات کی تجاویز رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، اس کے اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں سب کو اس گفتگو کا حصہ بننا ہوگا اور سوچنا ہوگا کہ پارلیمان، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور احتساب کے نظام پر اعتماد کیسے بحال کیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ پارلیمنٹ کو اگر ہم نے فعال کرنا ہے تو تمام فیصلے پارلیمنٹ میں ہونے ہیں۔ اگر ملک کے تمام فیصلے پارلیمان سے باہر کیے جائیں گے اور وہاں ہونے والے فیصلے ہی حتمی ہوں گے تو اس طرح نظام کو ان مسائل کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہئیں اور اگر نظام کو فعال بنانا ہے تو سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت ضروری ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ملک میں آزاد صحافت کی بحالی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب معاشرے کے لیے آزاد پریس ضروری ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے ہتھیار اٹھانے کے بجائے اپنی آواز، قلم اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کی بنیاد رکھی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں اور پریس کلبز کی طاقت بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ میڈیا حکومت کو اس کی غلطیوں سے آگاہ کر سکے اور عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ حکومت گرانا یا بنانا نہیں چاہتے، تاہم میڈیا کا کردار یہ ہے کہ وہ آئینہ دکھائے۔ اگر میڈیا کو صرف حکومت کی تعریف کرنے کی آزادی ہوگی تو معاشی بحران اور عالمی سطح پر درپیش مشکلات بھی حکمرانوں کی نظروں سے اوجھل رہیں گی اور بہتر فیصلوں کے لیے میڈیا کی تجاویز سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں۔ وہ اپنے کردار میں ہونے والی غلطیوں سے انکار نہیں کرتے۔ جمہوری ری سیٹ کے لیے ملک میں آزاد صحافت بحال کرنا ہو گی۔
اپنے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سسٹم ری سیٹ میں ایک اہم پہلو انتخابی اصلاحات بھی ہیں۔ جب تک صاف و شفاف الیکشن نہیں ہوں گے اور سب کا اس انتخابی نظام پر اعتماد نہیں ہوگا تو وہ متنازع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا پہلا الیکشن تھا جس پر نہ صرف اپوزیشن جماعتیں تنقید کر رہی ہیں بلکہ حکومت کے اتحادی اور حکومتی جماعت کے اراکین میں سے بھی اکثریت کی رائے ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔ جب تک انتخابی اصلاحات نہیں کرتے ہم انتخابی نظام پر اعتماد بحال نہیں کرسکتے۔
بلاول بھٹو زرداری کے بقول 1973 کے متقفہ آئین ہے۔ آج بھی کسی سسٹم پر اتفاق رائے ہے وہ 1973 کا آئین ہے۔ اسی طرح 18 ویں ترمیم اتفاقِ رائے سے پاس کروائی۔ ان کے بقول 26 ویں آئینی ترمیم بھی میثاقِ جمہوریت کا حصہ تھی اور اس کی منظوری میں اگر مکمل اتفاقِ رائے نہیں تو جتنا ممکن تھا ان کے بس میں انہوں نے اس پر اتفاقِ رائے کروانے کی کوشش کی۔
27 ویں ترمیم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسے ہم نے دو تہائی اکثریت کے استعمال سے پاس کیا۔ یہ بھی ہماری کامیابی ہے کہ آئین میں یہ شرط پیپلزپارٹی کی محنت سے ڈالی گئی کہ تمام ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں تمام صوبوں کی برابر نمائندگی ہو۔ البتہ ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن کا اس عدالتی نظام پر اعتماد نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں اختلافِ رائے برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ سچ سننے کی ہمت ہونی چاہیے۔ اگر میرا مؤقف کچھ اور ہے اور آپ کا کچھ اور تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں غدار اور آپ محبِ وطن ہیں۔ ہم دونوں محبِ وطن پاکستانی ہیں اور میں اپنی رائے سامنے رکھتا ہوں۔
ان کا کہنتا تھا کہ ایک پریس کانفرنس کے بعد جس طرح کا ردِعمل آیا وہ نامناسب ہے۔ اگر اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش کرایا جا سکتا ہے تو وہ ممکن نہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج کل کہا جاتا ہے کہ پاکستان ’ہارڈ اسٹیٹ‘ ہے۔ پاکستان کو ایک مضبوط ریاست بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ریاست میں تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ ہو۔ آپ کمزور اعصاب کے ساتھ ایک مضبوط ریاست نہیں بنا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی پر تنقید نہیں کر رہے۔ وہ اپنا نظریہ، اپنا مؤقف سامنے رکھ رہا ہوں۔ وہ نہ تو 9 مئی میں ملوث ہیں نہ کسی کے لیے گالی استعمال کر رہا ہوں۔
