گجرات کے علاقے تھانہ دولت نگر پولیس نے نوڈلز کھانے سے 20 سالہ ثانیہ بی بی کی پراسرار موت کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتولہ کی سگی چھوٹی بہن اور اس کے مبینہ آشنا کو گرفتار کر لیا۔
پولیس تفتیش کے مطابق ثانیہ بی بی کو اس کی چھوٹی بہن سلمہ بی بی نے اپنے مبینہ آشنا نزاکت علی کے ساتھ مل کر زہر دینے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا۔
دونوں نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے، قتل کی مبینہ وجہ چھوٹی بہن کے نوجوان کے ساتھ تعلقات اور بڑی بہن کی جانب سے والدین کو اس بارے میں آگاہ کرنے کا خدشہ بتایا گیا ہے۔
17 نومبر کو ضلع گجرات کے علاقے برسا میں 20 سالہ ثانیہ بی بی اور اس کی 18 سالہ بہن سلمہ بی بی نے گھر میں نوڈلز کھائے، جس کے بعد دونوں کی طبیعت خراب ہوگئی، اہل خانہ نے دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ثانیہ بی بی کو مردہ قرار دے دیا جبکہ اس کی چھوٹی بہن کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
ابتدائی طور پر واقعے کو مضر صحت نوڈلز کھانے کا نتیجہ سمجھا گیا تاہم پولیس کو میڈیکل رپورٹ کے ذریعے مقتولہ کے بازو اور گردن پر مشتبہ نشانات ملنے کے بعد معاملے میں قتل کا شبہ پیدا ہوا، ان نشانات سے متعلق وضاحت کی گئی کہ اسپتال لے جاتے ہوئے موٹر سائیکل پر وہ دو دوفعہ گری ہے، اس وجہ سے یہ نشان بنے۔ پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے ساتھ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے شواہد کا تجزیہ کروایا۔
اس کے علاوہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھی نوڈلز کے نمونے حاصل کرکے ان کی جانچ کی، پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں نوڈلز کے نمونوں میں کسی مضر صحت چیز کی موجودگی ثابت نہ ہو سکی جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زہر خورانی اور گلا دبانے کے شواہد سامنے آئے۔
پولیس کی تفتیش کے مطابق مقتولہ کی چھوٹی بہن سلمہ بی بی کے نزاکت علی نامی نوجوان کے ساتھ مبینہ تعلقات قائم ہو گئے تھے جو ان کے گھر دودھ دینے کے لیےآتا تھا اور دونوں کا موبائل فون پر بھی ایک دوسرے سے رابطہ تھا۔

فوٹو اسکرین گریب
بڑی بہن ثانیہ بی بی کو اپنی بہن کے ان تعلقات کا علم ہوگیا تھا اور وہ اسے متعدد مرتبہ تعلقات ختم کرنے کے لیے کہہ چکی تھی، پولیس کے مطابق ثانیہ نے اپنی بہن کو خبردار کیا کہ اگر اس نے نزاکت سے رابطہ ختم نہ کی تو وہ سارے معاملے کو والدین کو بتا دے گی۔
پولیس کے مطابق اس پر سلمہ بی بی نے اپنے آشنا سے مل کر بڑی بہن کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا، انہوں نے نوڈلز میں گندم کو محفوظ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی زہریلی گولیاں ملائیں اور اسے زبردستی وہ زہریلے نوڈلز کھلا دیے اور بعد میں گلا دبا کر قتل کر دیا۔
اس قتل کو حادثاتی موت قرار دینے کے لیے اس کی چھوٹی بہن نے خود بھی نوڈلز کھائے تاکہ کسی کو شک نہ ہو سکے، تاہم پولیس نے تفتیش کی اور جہاں سے نوڈلز خریدے گئے تھے وہاں سے بھی معلومات لی گئیں، اس کے علاوہ نوڈلز بھی ایکسپائر نہیں تھیں، پولیس جدید تفتیشی ذرائع استعمال کرتے ہوئے معاملے کی تہہ تک پہنچ گئی اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
واضح رہے کہ مقتولہ کے والد رفاقت علی کی مدعیت میں 25 نومبر کو دونوں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق اگر اس کیس میں کوئی اور کردار ملوث ہوا تو اسے بھی سامنے لایا جائے گا، اس طرح یہ موت نوڈلز کھانے سے نہیں ہوئی بلکہ قتل نکلی۔



