حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 54 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 379 روپے25 پیسے ہو گئی۔
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 2 روپے 16 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد ڈیزل کی قیمت 395 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان 27 اکتوبر کے لیے کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے کے آخری روز جمعہ کو ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 91 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا تاہم پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی تھی۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیر تا جمعہ روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کی جاتا ہے۔ تاہم ہفتہ اور اتوار کو چھٹی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تقرر نہیں ہوتا۔ اور جمعہ کو قیمتوں سے متعلق جاری ہونے والا نوٹیفکیشن کا اطلاق پیر تک ہوتا ہے۔
اوگرا کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں قیمتوں اوردیگر اخراجات میں تبدیلی کے مطابق کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ، حکومتی ٹیکس اور لیویز بھی صارفین کے لیے مقرر کردہ حتمی قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیتموں میں آج کمی ریکارڈ کی گئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت ایک ڈالر 60 سینٹ کمی کے بعد 101 ڈالر 67 سینٹ فی بیرل ہو گئی۔
برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت بھی ایک ڈالر 56 سینٹ کمی کے بعد 115 ڈالر 16 سینٹ فی بیرل پر آ گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اضافے کے بعد 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔



