وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصلاحات کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کے امور سے متعلق ہفتہ وارجائزہ اجلاس ہوا، جس میں ادارے میں جاری اصلاحات کی پیش رفت اوراب تک حاصل ہونے والے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس گیپ پر قابو پانے کیلئے ادارے کی استعداد کار میں مسلسل بہتری لائی جائے، بدعنوانی اور ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے والوں کیلئے ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہوگی، ایف بی آرمیں اصلاحات ریاست کے وسیع تر مفاد میں ہیں اور ان کا عمل ہر صورت جاری رہے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اصلاحات کے سلسلے میں ٹیکنالوجی، شفافیت اور جوابدہی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ٹیکس نظام کو مؤثر بنایا جا سکے اور قومی آمدن میں اضافہ ہو۔
وزیراعظم نے ٹیکس وصولی کے شعبوں میں فیس لیس نظام کے نفاذ کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا اور نظام میں شفافیت یقینی بنانا ضروری ہے۔
ٹیکس گیپ کم کرنے کیلئے ایف بی آرکی استعداد کار میں مسلسل بہتری لائی جائے اورجدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس وصولی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے، ایف بی آر کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کی توقعات کے مطابق اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔
ادارے میں بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے جبکہ اپنے رویے اور کارکردگی میں بہتری لانے والے افسران اور عملے کو اصلاح کا موقع دیا جائے۔
اجلاس کو ایف بی آر میں ٹیکنالوجی، نظام کاراورافرادی قوت کے شعبوں میں جاری اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شرکا کو بتایا گیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران ٹیکس گیپ کا تخمینہ مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے 6 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد رہ گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھرڈ پارٹی آڈیٹرز کی تعیناتی سے ایف بی آر کی آڈٹ کرنے کی استعداد کار میں چار گنا اضافہ ہوا ہے اس اقدام سے ٹیکس معاملات کی جانچ پڑتال اور نظام کی نگرانی کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ایف بی آر کی تکنیکی بنیادوں پر وسیع پیمانے پر تنظیم نو جاری ہے۔ ادارے میں مہارت یافتہ تکنیکی افرادی قوت کی بھرتی کی جا رہی ہے، جبکہ ملازمین کی کارکردگی سے منسلک مراعات کا نظام بھی متعارف کرایا جا چکا ہے۔
ان اقدامات کا مقصد ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور ٹیکس وصولی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے اصلاحاتی عمل کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری ملکی معیشت اورریاستی مفاد کیلئے اہم ہے، ایف بی آرکی کارکردگی بہتر بنانے، ٹیکس نیٹ کو مؤثر بنانے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد چیمہ، محمد اورنگزیب اور عطا تارڑ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔



