پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع واشک میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واشک میں کارروائی 12 اور 13اکتوبر کی درمیانی شب خفیہ اطلاع پر کی گئی، سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا جہاں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے واشک بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا واشک، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
صدرِ مملکت نے علاقے میں دیگر بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جاری کلیئرنس آپریشنز کو سراہا۔
دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی: صدر زرداری
دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا: صدر
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 15, 2026
صدرِ مملکت نے علاقے میں دیگر بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جاری کلیئرنس آپریشنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان کے ضلع واشک میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس آپریشن کی پذیرائی کی ہے ۔
شہبازشریف نے آپریشن میں 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزم استحکام ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشک میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پرسکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ خوارجیوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں،وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔


