وزیراعظم محمد شہباز شریف کی موجودگی میں پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
دونوں ممالک نے دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے موقع پر معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔
ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط، اطلاعات و نشریات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، ذرائع ابلاغ اور تاریخی ریکارڈز کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے تین معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
دونوں ممالک کے حکام نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی کارروائی کے منٹس ریکارڈ کرنے کے پروٹوکول پر بھی دستخط کیے گئے۔
During the visit of Omani Foreign Minister Sayyid Badr bin Hamad bin Hamood Al Busaidi for the 8th Pakistan-Oman Joint Ministerial Commission (JMC), Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif @CMShehbaz witnessed the exchange of six agreements and MoUs.
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 and Omani Foreign Minister Sayyid Badr bin Hamad bin Hamood Al Busaidi signed the Protocol Recording the Minutes of the 8th Pakistan-Oman JMC, the Agreement on Mutual Visa Exemption for Holders of Diplomatic, Special, Official and Service Passports, and the MoU on Records and Archives.
The remaining three MoUs, covering cooperation in information and broadcasting, IT and telecommunications, and news exchange and media cooperation, were signed by the Federal Minister for Information and Broadcasting and the Federal Minister for IT and Telecommunication, respectively.
These exchanges reflect the shared commitment of Pakistan and Oman to expand cooperation across diverse sectors and further strengthen their longstanding bilateral relations.
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 14, 2026
اس پروٹوکول کے ذریعے اجلاس کی کارروائی اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے امور کو باضابطہ طور پر ریکارڈ کرنے کے طریقہ کار کو تقویت ملے گی۔
معاہدوں میں سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کا معاہدہ بھی شامل ہے، اس معاہدے کا مقصد متعلقہ پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے سفر میں سہولت پیدا کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان سرکاری و سفارتی روابط کو مزید آسان بنانا ہے۔
اس کے علاوہ ریکارڈز اورآرکائیوز کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، اس کے تحت تاریخی دستاویزات اور سرکاری ریکارڈز سے متعلق تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی مواد کی تیاری، تحفظ اور تبادلے کے شعبوں میں اشتراک کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
اطلاعات و نشریات، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور خبروں کے تبادلے و میڈیا تعاون سے متعلق تین مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے، ان شعبوں میں تعاون کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے کو فروغ دینا اور ابلاغی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اطلاعات و نشریات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے وفاقی وزرا نے متعلقہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں کے ذریعے متعلقہ شعبوں میں تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی سے ملاقات بھی کی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ مذہب، جغرافیائی قربت، تاریخ، ثقافت اور صدیوں پر محیط عوامی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوط بنیاد ہیں، انہوں نے عمان کو پاکستان کا برادر ملک، اہم بحری ہمسایہ اور خطے میں قابل قدر شراکت دار قرار دیا۔
شہباز شریف نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔
انہوں نے علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو بھی سراہا اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر مبنی عمان کے مؤقف کی تعریف کی۔
عمان کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور مسائل کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان اور عمان کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔
دونوں ممالک نے دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے حصول کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



