وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ مقررہ تاریخ تک دوسری قسط ادا نہ کرنے کی صورت میں حج درخواست منسوخ کر دی جائے گی۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین حج سے واجبات کی دوسری قسط کی وصولی ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے جاری ہے، اب تک 51 ہزار 500 عازمین حج دوسری قسط ادا کر چکے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج واجبات کی دوسری قسط کی مد میں اب تک 32 ارب 60 کروڑ روپے وصول ہو چکے ہیں۔ 26 ہزار عازمین نے ون لنک جبکہ 2 ہزار 126 عازمین نے بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی۔ اسی طرح 23 ہزار 200 عازمین نے بینک چالان کے ذریعے نقد رقم جمع کرائی۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 55 فیصد برقرار ہے۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ دوسری قسط کی ادائیگی سے قبل میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔
مقررہ تاریخ تک دوسری قسط ادا نہ کرنے کی صورت میں حج درخواست منسوخ کر دی جائے گی اور درخواست گزار کی جمع شدہ رقم واپس کر دی جائے گی۔
سرکاری عازمین حج سے واجبات کی دوسری قسط 5 تا 20 اکتوبر حج پورٹل/پاک حج ایپ کے ذریعے وصول کی جائے گی۔ دوسری قسط سے قبل میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپلوڈ کرنا بھی لازم ہے۔ بصورت دیگر درخواست منسوخ تصور ہو گی اور پہلی قسط کی رقم درخواست گذار کے اکاونٹ میں واپس کر دی جائے گی۔ #PakHajjApp https://t.co/YEzfzxVjpz
— Ministry of Religious Affairs & Interfaith Harmony (@MORAisbOfficial) October 2, 2026
واضح رہے کہ وزارتِ مذہبی امور عازمین حج کو ادائیگیوں اور دیگر ضروری کارروائیوں میں سہولت دینے کے لیے ڈیجیٹل حج پورٹل بھی استعمال کرتی ہے، جس کے ذریعے واجبات کی آن لائن ادائیگی اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت دستیاب ہوتی ہے۔
حالیہ حج انتظامات کے تحت سرکاری اسکیم میں شامل عازمین کو واجبات کی دوسری قسط مقررہ تاریخ تک جمع کرانے اور ادائیگی سے قبل میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



