وزیراعظم شہباز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ صارفین سے ٹیکس وصول کرکے جیب میں ڈالنے والے کاروبار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آراصلاحات کا جائزہ اجلاس ہوا،دوران اجلاس انہوں نے پیداواری شعبوں میں سیلز ٹیکس کیلئے پیداوار کی نگرانی مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیداوار کی خود کار نگرانی کا نظام نصب کرنے میں رکاوٹیں دور کی جائیں۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif chaired a review meeting regarding FBR’s reforms in Islamabad, today. The Prime Minister appreciated FBR’s transformation team for their efforts in conducting tax potential analysis. https://t.co/WnffcrMuzs
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) October 12, 2026
اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3سال میں حکومتی اقدامات سے 1.3 ٹریلین روپے اضافی ٹیکس وصول کیا گیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیداواری شعبے میں رضاکارانہ نگرانی کا نظام نصب کرنے والے کاروبار قابل تحسین ہیں،فیس لیس نظام کے تحت کیمروں سے پیداوار کی نگرانی مؤثر بنائی جا رہی ہے،ٹیکس کی مکمل استعداد کے حصول کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سیمنٹ کے شعبے میں پیداوار کی نگرانی کے نظام کی آڈٹ رپورٹ کی تعریف کرتے ہوئے وزارت آئی ٹی کو ہدایت کی کہ دیگر شعبوں میں بھی پیداوار کی نگرانی کے نظام کی مؤثریت کا آڈٹ کیا جائے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ ٹیکس کی مکمل استعداد کے مطابق وصولی عوام کی حقیقی خدمت ہے،ٹیم نے شب و روز محنت کے بعد ملکی ٹیکس استعداد کا بہترین جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے ٹیکس استعداد رپورٹ تیار کرنے والی ٹیم کی پذیرائی کی اور ارکان میں شیلڈز تقسیم کیں۔ وزیراعظم نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن ٹیم کی جامع ٹیکس رپورٹ کی بھی پذیرائی کی اور شیلڈز پیش کی گئیں۔

