پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ میں پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔
View this post on Instagram
شہید ہونے والوں میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور اسٹوڈنٹ پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شامل ہیں ۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ کے قریب پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں 2پائلٹس کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔
صدرِ مملکت نے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا، انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے بھی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا۔آصف زرداری نے شہداء کے لیے بلندیِ درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کوئٹہ کے قریب پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں دو پائلٹس کی شہادت پر اظہارِ افسوس۔
صدرِ مملکت کا میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔
صدرِ مملکت کا شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار۔
صدرِ مملکت کا شہداء کے لیے بلندیِ درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا۔
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 12, 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں، پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ میں پاک فوج کے ایوی ایشن ونگ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور پائلٹ کیپٹن عبدالصمد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا، اپنے ایک بیان میں انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر رنج و غم ہے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ دونوں پائلٹس کی شہادت قومی نقصان ہے، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارہ گرنے سے 2 پائلٹس کے شہید ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کی اوردوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرنیوالے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
