پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 12خوارج ہلاک ہوگئے، خوارج کی دراندازی میں معاونت کیلئے افغان طالبان کی چوکیوں سے بھی فائرنگ کی گئی۔پاک افغان سرحد پرفائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین دہشتگرد تنظیموں کے استعمال سے روکنےمیں ناکام رہی،افغان طالبان حکومت سرحد پاردہشت گردی کی سہولت کاری اورسرپرستی کر رہی ہے۔ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خوارج کےخاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستانی سکیورٹی فورسزملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسزکی کارروائیاں جاری رہیں گی، وطن اورسرحدوں کے تحفظ کے لیے جوانوں کی قربانیاں عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے صدر مملکت نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران نائب صوبیدار ہدایت امان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین۔
صدر مملکت کا دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران نائب صوبیدار ہدایت امان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔
صدر مملکت کا شہید نائب صوبیدار ہدایت امان کو وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر بھرپور خراج عقیدت۔
صدر مملکت کی شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی۔
صدر مملکت کی شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا۔
نائب صوبیدار ہدایت امان نے جرات و بہادری کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے وطن کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان دی:صدر مملکت
صدر مملکت کا دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 12 خوارج اور افغان طالبان کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کو خراج تحسین۔
افغان حکومت کی دہشت گرد عناصر کی سرپرستی اور معاونت علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے: صدر زرداری
پاکستانی ریاست کی تحمل، احتیاط اور ذمہ دارانہ رویے کو اگر غیر قانونی اور غیر نمائندہ افغان طالبان حکومت ہماری کمزوری سمجھتی ہے تو یہ ان کی سنگین حماقت ہے: صدر
پاکستان صرف ان در اندازی کرنے والے دھشتگردوں کو جہنم واصل کر سکتا ہے بلکہ ان کے سرپرستوں کو بھی نیست و نابود کر سکتا ہے: صدر زرداری
بہتر ہے کہ یہ ٹولہ اپنی پالیسیوں پر اپنے ہی مفاد میں نظر ثانی کرے: صدر
۔۔۔۔۔۔
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 11, 2026
صدر مملکت نے شہید نائب صوبیدار ہدایت امان کو وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ نائب صوبیدار ہدایت امان نے جرات و بہادری کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے وطن کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان دی۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی دہشت گرد عناصر کی سرپرستی اور معاونت علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، پاکستانی ریاست کے تحمل، احتیاط اور ذمہ دارانہ رویے کو اگر غیر قانونی اور غیر نمائندہ افغان طالبان حکومت ہماری کمزوری سمجھتی ہے تو یہ ان کی سنگین حماقت ہے۔
پاکستان نا صرف ان دراندازی کرنے والے دہشتگردوں کو ہلاک کر سکتا ہے بلکہ ان کے سرپرستوں کو بھی نیست و نابود کر سکتا ہے، بہتر ہے کہ یہ ٹولہ اپنی پالیسیوں پر اپنے ہی مفاد میں نظر ثانی کرے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ضلع کرم میں دہشتگردوں کی دراندازی ناکام بنانے پرسکیورٹی فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں نائب صوبیدارہدایت امان کی شہادت پراظہارافسوس کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نائب صوبیدارہدایت امان نے سرحدوں کے دفاع میں بہادری کی مثال قائم کی،پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اوردہشتگردی کےخاتمےکی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کرم کے قریب پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پرسکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے صوبیدار ہدایت امان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ نے شہید صوبیدار ہدایت امان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے،پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


