اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم این ایچ اے کے مکمل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح کریں گے، دسمبر میں لودھراں، ملتان اور جنوری میں پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے کا افتتاح ہوگا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری شاہراہوں اور موٹرویز کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں منصوبوں کی تکمیل، فنڈز کی فراہمی اور تعمیراتی کاموں کی رفتار سے متعلق حکام نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ این ایچ اے ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کا تعین کرے اور جن منصوبوں کی تکمیل ضروری ہے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں سے این ایچ اے کو ریونیو حاصل ہورہا ہے وہاں نئی سڑکوں کی تعمیر بھی این ایچ اے خود کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہراہوں پر انسانی جانوں کا مکمل تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہیے، سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے دوران معیار اور عوام کی سہولت کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔
اجلاس میں سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے پر جاری تعمیراتی کام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے منصوبے پر تیزی سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
کراچی، کوئٹہ، چمن پاکستان ایکسپریس وے این 25 پر جاری تعمیراتی کاموں کی رپورٹ بھی عبدالعلیم خان کو پیش کی گئی۔
وفاقی وزیر مواصلات نے موٹروے ایم 6 کے لیے فنڈز کی فراہمی سے متعلق بھی تفصیلات طلب کرلیں۔ انہوں نے بلوچستان میں 108 ارب روپے کے منصوبوں کے لیے وفاق سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے ضروری وسائل کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔
اجلاس میں لاہور، گوجرانوالہ جی ٹی روڈ کے خستہ حال سیکشن کا بھی معاملہ زیر بحث آیا۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو سڑک کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کو درپیش مشکلات دور کرنے کی ہدایت کی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ سڑکوں کے معیار، بروقت مرمت اور سفری سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے این ایچ اے حکام پر زور دیا کہ منصوبوں کی نگرانی مؤثر بنائی جائے تاکہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز کے منصوبے مقررہ اہداف کے مطابق مکمل ہوسکیں۔



