مری اسکول وین حادثے میں زخمی ہونے والی 14 سالہ لڑکی عائشہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
عائشہ حادثے میں سب سے زیادہ متاثر ہوئی تھی، جس کا جسم 42 فیصد تک جھلس گیا تھا، انہیں تشویشناک حالت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی ریفر کیا گیا تھا۔
عائشہ کے جاں بحق ہونے پر علاقے میں غم کی فضا ہے، جبکہ اہل علاقہ نے مری میں برن یونٹ کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ روز مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین لوئر موہڑا بڑاہوتر کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس کے بعد وین میں آگ لگنے سے 10 بچے اور ڈرائیور جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔
وین کو آگ لگنے کا دوسرا واقعہ
یہ مری میں موسم گرما کے دوران وین کو آگ لگنے کا دوسرا واقعہ تھا، مری کے علاقے کھجٹ میں 10 جون کو ملتان سے آنے والی سیاحوں کی گاڑی میں بھی آگ لگی تھی جس میں 10 افراد جاں بحق اور 13 شدید زخمی ہوئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے لوئر موہڑا بڑاہوتر حادثے کے حوالے سے بتایا تھا کہ حادثے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، چار بچوں کو ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
آگ بیٹری کے اسپارکنگ کے باعث لگی
ابتدائی رپورٹ کے مطابق وین میں بیٹری کے اسپارکنگ کے باعث آگ لگی ، گاڑی میں آگ بجھانے والا آلہ موجود نہیں تھا، سوزوکی کیری میں نشستوں کی گنجائش 8 بالغ یا 10 بچوں کی تھی۔ جبکہ گاڑی میں 11 بچے سوار تھے۔
ڈی پی او مری رضا تنویر نے سی ٹی او مری کو ٹریفک انفورسمنٹ مزید بڑھانے اور اسکول وینز اور پبلک ٹرانسپورٹ کی خصوصی چیکنگ کی ہدایت کی۔
ڈی پی او مری نے اوورلوڈنگ، غیر محفوظ سلنڈرز، فٹنس، روٹ پرمٹ اور لائسنس کی جانچ کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائی ہو گی، ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز گاڑیوں کے حفاظتی تقاضے مکمل کریں۔
وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری میں اسکول وین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اوور لوڈنگ اور مناسب آلات کی عدم موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے اسکول وینز اور گاڑیوں میں حفاظتی انتظامات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس اپنانے کی بھی ہدایت کر دی تھی۔
واضح رہے پاکستان میں اسکول وینز میں آتشزدگی سمیت دیگر حادثات کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔ جن میں متعدد طلبہ جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔


